Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چینی کورونا ویکسین کے کلینکل ٹرائلز

پانچ ہزار رضاکاروں پر تجربہ کیا جائے گا ( فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی عرب کورونا وائرس ویکسین کے کلینکل ٹرائلز کے لیے چینی کمپنی کے تعاون سے کام کر رہا ہے۔
 وزارت صحت نے کلینیکل ٹرائلز کے تیسرے مرحلے کے لیے چینی کمپنی ’سینوا‘ کے تعاون سے 5 ہزار رضاکاروں پر تجربے کا عندیہ دیا ہے۔ یہ تجربہ 18 برس سے زیادہ عمر کے  صحت مند لوگوں پر کیا جائے گا۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق وزارت صحت نے بیان میں کہا ہے کہ کورونا وائرس ویکسین کے تیسرے کلینکل ٹرائلز کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ وزارت اس حوالے سے چینی کمپنی سینوا سے تعاون کر رہی ہے۔ چینی کمپنی ہی نے کورونا ویکسین بنائی ہے۔ 
سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین کے کلینکل ٹرائلز کا پہلا اور دوسرا مرحلہ چین میں مکمل کیا گیا ہے۔ دونوں مرحلوں کے تجربات کامیاب رہے ہیں۔ 
سعودی وزارت صحت کے مطابق فی الوقت ملک کے تین بڑے شہروں ریاض، دمام اور مکہ میں ویکسین کے کلینکل ٹرائلز کے انتظامات چل رہے ہیں۔ جلد ہی اس حوالے سے تفصیلات جاری کی جائیں گی۔ 
وزارت صحت نے بتایا کہ چین میں ویکسین کا تجربہ 16 سے 27 مارچ کے دوران 108 رضاکاروں پر کیا گیا ہے۔  

کلینکل ٹرائلز کے لیے چینی کمپنی کے تعاون سے کام ہو رہا ہے ( فوٹو: روئٹرز)

   یہ پہلا تجربہ تھا جس کے تحت ہلکی، درمیانے درجے اور تیز درجے کی تین مختلف خوراکیں رضاکاروں کو دی گئی ہیں۔
ویکسین کا دوسرا تجربہ 603 رضاکاروں پر چین ہی میں کیا گیا- یہ تجربہ 11 سے  16 اپریل کے دوران کیا گیا- رضاکاروں کو ہلکی اور درمیانے درجے کی خوراکیں دی گئیں۔ اس کی تفصیلات سائنسی میگزین دی لیسنٹ میں شائع ہو چکی ہیں۔

شیئر: