Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب اور جاپان توانائی کے شعبے میں سٹراٹیجک پارٹنر‘

دس برس میں سعودی عرب میں 2.85 ٹریلین ریال کے توانائی منصوبے نافذ ہوں گے(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ ’توانائی کے شعبے میں جاپان کے ساتھ تعلقات نصف صدی سے کہیں زیادہ پرانے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’دونوں ملکوں کے تعلقات کی جڑیں مستحکم ہیں اور ان میں تنوع کے علاوہ اضافہ بھی ہورہا ہے‘۔ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے جاپانی وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے بیان میں کہا کہ’ جاپان اور سعودی عرب دونوں دوست ملک ہیں۔ مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے باہمی تعلقات کو عروج کی نئی منزلوں تک پہنچانا چاہتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’دونوں ملک عالمی سطح پر توانائی اور معیشت کے شعبے کے استحکام اور فروغ کے لیے بھی کوشاں ہیں‘۔ 
شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب اور جاپان توانائی کے شعبے میں سٹراٹیجک پارٹنر ہیں۔ یہ شراکت سعودی وژن 2030 کے پروگراموں اور اہداف کے تناظر میں مزید مستحکم ہوئی ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’دونوں ملک توانائی کے مختلف مسائل پر یکساں نکتہ ہائے نظر رکھتے ہیں تیل کی عالمی منڈیوں کے توازن و استحکام کی اہمیت پر متفق ہیں‘۔
’سعودی عرب اور جاپان تیل پیدا کرنے اور خریدنے والے ممالک کے درمیان تعاون اور مکالمے کی حوصلہ افزائی کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ دونوں ملک یہ بات مانتے ہیں کہ عالمی منڈیوں میں توانائی کے تمام سرچشموں کے حوالے سے سپلائی سیکیورٹی سسٹم کا تحفظ ضروری ہے اور یہی پائیدار عالمی معیشت میں شرح نمو کا ضامن راستہ ہے‘۔ 
شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا کہ ’جاپان اور سعودی عرب پیرس معاہدے اور موسمیاتی تبدیلی کے اصولی معاہدے کی پابندی کی اہمیت کو مانتے ہیں۔  اس بات پرت وجہ مرکوز ہے کہ  توانائی کے وسائل کے بجائے گیس کے اخراج پر زیادہ زور دیا جائے‘۔ 
سعودی وزیر توانائی نے کہا کہ’ سعودی عرب توانائی کے شعبے میں جاپان کے ساتھ سٹراٹیجک تعلقات کی بنیاد پر جاپان کے لیے تیل کی سپلائی کو محفوظ بنانے کی پالیسی پر گامزن تھا اور رہے گا‘۔ ’سعودی عرب اس حوالے سے جاپانی جزیرے اوکیناوا میں سٹراٹیجک ٹینک میں خام تیل ذخیرہ کررہا ہے‘۔ 
انہوں نے بتایا کہ ’آئندہ دس برس کے دوران سعودی عرب میں تقریبا 2.85 ٹریلین ریال مالیت کے توانائی منصوبے نافذ ہوں گے‘۔
’ جاپان سے توانائی کے شعبے میں سعودی عرب نے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران تقریبا بارہ ارب ریال مالیت کا سامان  برآمد کیا ہے۔ بیشتر کا تعلق گیس، پیٹرول، پیٹروکیمیکل اور روایتی توانائی سے ہے‘۔ 

شیئر: