Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیس بُک سروس کی معطلی، ’بھئی اب دھندے پر دھیان دو‘

دنیا بھر منگل کو ’میٹا‘ کی اکثر سروسز اچانک معطل ہو گئی تھیں۔
ایکس پر صارفین کی جانب سے بتایا گیا کہ فیس بک اور انسٹا گرام کے اکاؤنٹس اچانک لاگ آؤٹ ہو گئے ہیں جس کے بعد دوبارہ لاگ اِن نہیں ہو رہے تھے۔ اسی طرح ’میسنجر‘ اور ’تھریڈز‘ کی سروسز بھی متاثر ہوئیں۔
دنیا بھر میں 8 بجے کے قریب میٹا کی اکثر سروسز بند ہوئیں۔ پھر ایک گھنٹے کے بعد تمام سروسز بحال ہونا شروع ہوئیں۔ فیس بک کی پیرنٹ کمپنی ’میٹا‘ نے اب تک سروسز معطلی سے متعلق بیان جاری نہیں کیا، اس لیے فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ فیس بک کے ساتھ کیا مسئلہ درپیش آیا تھا۔
جب فیس بُک سروس اچانک معطل ہونا شروع ہوئی تو صارفین کے پاس واحد سہارا ایکس(سابقہ ٹوئٹر) کی صورت میں سامنے آیا۔
ایکس کی سروسز پاکستان میں وی پی این کے بغیر استعمال نہیں کی جا سکتیں لیکن اس کے باوجود ایک بڑی تعداد میں پاکستان سمیت دیگر ممالک کے صارفین نے ایکس کا رخ کیا۔
ایکس پر آنے کے بعد صارفین نے میٹا کے مالک مارک زکربرگ کے حوالے سے دلچسپ میمز شیئر کرنا شروع کیں۔
ایکس کے مالک ایلون مسک نے فیس بک پر طنز کرتے ہوئے اپنے اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’اگر آپ یہ(پیغام) پڑھ رہے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ ہمارے سرورز بحال ہیں۔‘

اس کے بعد انہوں نے ایک میم شیئر کی جس میں فیس بُک، تھریڈز اور انسٹاگرام کو ایکس کی جانب سلیوٹ کرتے دکھایا گیا تھا اور اس میم پر فیس بُک کمیونیکیشن ڈائریکٹر اینڈی سٹون کا بیان لکھا تھا جہاں وہ بتا رہے تھے کہ انہیں فیس بُک سروسز کی معطلی کا علم ہے اور وہ اس پر کام کر رہے ہیں۔

ایک صارف نے لوگوں کی بھاگتے ہوئے ویڈیو لگائی جس میں بتایا گیا تھا کہ صارفین کس طرح ایکس کی طرف آ رہے ہیں۔

انور خان نامی صارف نے انسٹاگرام کی بندش پر خواتین ماڈلز پر طنز کرتے ہوئے ان کی ایڈیٹ شدہ تصاویر شیئر کیں جس میں بتایا گیا تھا کہ کس طرح انسٹاگرام بندش کی وجہ سے خواتین ماڈلز اب گھر کے کام کاج میں مصروف ہو گئی ہیں۔

ایک دوسرے صارف نے مسٹر بین کی ویڈیو پر ایکس اور معطل ہونے والی سروسز کی نشاندہی کچھ یوں کی کہ مسٹر بین پر ایکس کا سٹیکر لگا کر ایک زخمی مریض کو یہ احساس دلانے کی کوشش کی کہ وہ با آسانی ہاتھ پیر چلا سکتا ہے جبکہ مریض جس پر فیس بُک اور انسٹاگرام کے سٹیکرز لگے تھے، چل نہیں سکتا۔

کچھ لوگوں نے اسے فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کی انڈیا میں موجودگی سے بھی جوڑا جبکہ کئی میمز میں مارک زکر برگ کو برقی تاروں میں الجھا دکھایا گیا ہے۔

ایک صارف نے مارک زکر برگ کی انڈین کھرب پتی مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی میں موجودگی کو طنزیہ انداز میں پیش کیا۔
انہوں نے انڈین اداکار امیتابھ بچن کی فلم ’سوریاونشم‘ سے ان کی وہ تصاویر لگائیں جن میں وہ گھر کے سارے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے ایکس پر لکھا کہ مارک زکربرگ اس وقت جام نگر میں شادی کے کام کاج میں مصروف ہیں۔

نہاریکا نامی صارف نے مارک زکر برگ اور ان کی اہلیہ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’بھئی! تیری چھٹیاں ختم ہوگئیں ہوں تو دھندے پر دھیان دے دو۔ انسٹاگرام اور فیس بُک ڈاؤن ہیں‘ اس تصویر میں مارک زکربرگ مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی پر پہنے لباس میں نظر آرہے ہیں۔

دنیا بھر میں فیس بک کے 3 اعشاریہ تین ارب صارفین ہیں۔

شیئر: