Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کاروباری وفد کا دورہ معیشت کے لیے اہم سنگ میل ہے: شہباز شریف

سعودی عرب کے 50 رکنی تجارتی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا (فائل فوٹو: پی آئی ڈی)
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے کاروباری وفد کے دورے کو ملکی معیشت کے لیے اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’سعودی کمپنیوں نے مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کا جائزہ لیا ہے۔‘ 
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق منگل کو وزیراعظم کا وفاقی کابینہ کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’سعودی سرمایہ کار وفد کی پاکستان آمد سعودی عرب اور پاکستان کے معاشی تعلقات کے حوالے سے انتہائی اہم پیش رفت ہے۔‘
عرب نیوز کے مطابق سعودی نائب وزیر سرمایہ کاری کی سربراہی میں 50 ارکان پر مشتمل ایک تجارتی وفد اتوار کو پاکستان پہنچا۔
وفد میں  آئی ٹی، ٹیلی کام، توانائی، ایوی ایشن، تعمیرات، مائئنگ، زراعت اور انسانی وسائل کی تقریباً 30 سعودی کمپنیوں کے نمائندے شامل ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب کے کاروباری وفد نے پاکستان کا دورہ کیا ہے اور پاکستان کی مہمان نوازی کا کُھلے دل سے اعتراف کیا ہے۔‘
’سعودی وفد کے سربراہ نے جس انداز میں پاکستانی حکام کی تعریف کی اس سے بے حد خوشی ہوئی ہے اور سعودی عرب کے وفد نے جس گرم جوشی کا مظاہرہ کیا وہ میرے لیے باعث فخر ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سعودی وفد نے مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے حوالے سے وزرا کی تیاری کو بے حد سراہا۔‘
’وفد نے دورے پر اطمینان کا اظہار  کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ انتہائی مسرت کے ساتھ واپس جا رہے ہیں اور سعودی عرب جا کر بتائیں گے کہ ہم نے پاکستان میں ایک نیا دور دیکھا ہے۔‘ 
شہباز شریف کہتے ہیں کہ ’یہاں پر ہماری بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں ہوئیں۔ پاکستانی حکام نے سعودی وفد کو بھرپور طریقے سے پریزینٹیشنز دیں جو کہ ہمارے لیے انتہائی حوصلہ افزا بات ہے۔ ‘

سعودی نائب وزیر سرمایہ کاری کے مطابق ’پاکستان سعودی عرب کا ایک بڑا سٹریٹجک شراکت دار ہے‘ (فائل فوٹو: وزارتِ تجارت)

’سعودی وفد دورے کی پیش رفت سے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور دیگر متعلقہ حکام کو آگاہ کرے گا۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’دورے کو کامیاب بنانے کے لیے وزیر تجارت، وزیر پٹرولیم، وفاقی وزیر خزانہ، وزیر ہوا بازی اور وزیر بجلی سمیت متعلقہ سیکریٹریز اور وزارتوں کا بڑا اہم کردار رہا ہے۔‘
’اُن کی بہترین کاوشیں لائقِ تحسین ہیں جس پر انہیں مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ وزیراعظم نے اس دورے کو کامیاب بنانے میں کردار ادا کرنے والے حکام کا ایک اجلاس بھی طلب کیا ہے۔‘ 
گذشتہ روز اسلام آباد میں پاکستان اور سعودی عرب سرمایہ کاری فورم 2024 کی افتتاحی تقریب سے سعودی نائب وزیر برائے سرمایہ کاری ابراہیم بن یوسف المبارک نے بھی خطاب کیا تھا۔
ابراہیم بن یوسف المبارک کا کہنا تھا کہ ’پاکستان سعودی عرب کا ایک بڑا سٹریٹجک شراکت دار ہے۔‘
’سعودی حکومت اور سعودی کمپنیاں پاکستان کو اقتصادی سرمایہ کاری اور کاروباری مواقعوں کے حوالے سے ترجیح دیتی ہیں۔‘

شیئر: