Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی فیشن انڈسٹری کے لیے ریڈ سی فیشن ویک کا انعقاد

سعودی اور بین الاقوامی ڈیزائنرز کی ریزورٹ ویئر کلیکشن پیش کی جائے گی۔ فوٹو انسٹاگرام
سعودی فیشن کمیشن کی جانب سے مملکت کی فیشن انڈسٹری کو فروغ دینے کے لیے ریڈ سی فیشن ویک کا پہلا ایڈیشن 16 مئی کو منعقد کیا جا رہا ہے جو 18 مئی تک جاری رہے گا۔
سعودی عرب کی سرکاری پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ ایونٹ نیو سینٹ ریجس ریڈ سی ریزورٹ میں منعقد کیا جائے گا۔
سعودی فیشن کمیشن کے سی ای او بوراک شاکماک نے پیر کو کہا کہ ریڈ سی فیشن ویک کا پہلا ایڈیشن مملکت میں موجود ٹیلنٹ فیشن کی دنیا کے سامنے لائے گا۔ 
فیشن کمیشن کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہم ریڈ سی فیشن ویک کے ساتھ مخصوص اور متحرک پلیٹ فارم بنا رہے ہیں جو مملکت میں موجود وسیع تخلیقی صلاحیتیں اور مہارت پیش کرے گا۔
ریڈ سی فیشن ویک نہ صرف سعودی عرب میں بلکہ عالمی فیشن سٹیج پر اپنی شناخت قائم کرے گا۔
یہ اقدام مقامی ٹیلنٹ کو فروغ دینے اور انہیں بین الاقوامی میدان میں لانے کے لیے ہماری لگن کا ثبوت ہے جو ثقافتی ورثے کو تقویت دینے کے لیے سعودی وژن 2030 کے اہداف کے ساتھ منسلک ہے۔

ریڈ سی فیشن ویک عالمی فیشن سٹیج پر اپنی شناخت قائم کرے گا۔ فوٹو انسٹاگرام

پروگرام کے پہلے دن فیشن شو کا انعقاد کیا جائے گا، اس کے بعد دو دن سائیڈ ایونٹس اور مزید شوز ہوں گے جن میں لگژری فیشن، زیورات، تیار ملبوسات اور سعودی اور بین الاقوامی ڈیزائنرز کی ریزورٹ ویئر کلیکشنز پیش کی جائے گی۔
سعودی عرب نے 2023 میں اپنے پہلے فیشن ویک کی میزبانی ریاض میں کی تھی اور گذشتہ سال کے فیشن ویک کے موقع پر میلان میں ایک پاپ اپ ایونٹ کی میزبانی بھی کی گئی تھی۔
 

شیئر: