Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین الیکشن کمیشن کی ’ایکس‘ کو مسلم مخالف ویڈیو پوسٹ ہٹانے کی ہدایت

انڈیا میں دنیا کی تیسری سب سے بڑی مسلم آبادی بھی ہے جو تقریباً 20 کروڑ ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے الیکشن کمیشن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ کو وزیراعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیا جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو ہٹانے کی ہدایت کی ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق منگل کو انڈین الیکشن کمیشن نے یہ ہدایت اپوزیشن کی اس شکایت کی روشنی میں کی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اس پوسٹ میں معاشی طور کمزور گروپوں میں دشمنی ابھارنے کی کوشش کی گئی ہے۔
چند دن قبل پولیس نے یہ ویڈیو شیئر کرنے والے کرناٹک میں بی جے پی کے صدر سمیت کچھ رہنماؤں کے خلاف الیکشن کی ضوابط کی خلاف ورزی کے الزام میں مقدمہ بھی درج کیا تھا۔
انڈیا میں جاری عام انتخابات کے دوران گزشتہ ہفتے نشر کی جانے والی اینیمیٹڈ ویڈیو میں اپوزیشن کانگریس کے رہنماؤں پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہ اقلیتی مسلم کمیونٹی کو دیگر پسماندہ قبائلی اور ہندو ذات کے گروہوں کی قیمت پر فلاحی فوائد پہنچانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
دوسری جانب نریندر مودی نے بھی حالیہ تقاریر میں اسی طرح کے الزامات لگائے ہیں اور کہا ہے کہ کانگریس اکثریتی ہندوؤں کی دولت مسلمانوں میں تقسیم کرے گی۔
نریندر مودی نے مسلمانوں کو ’درانداز‘ کہا تھا جن کے ’زیادہ بچے‘ ہیں۔
کانگریس ایسے کسی بھی انتخابی وعدے کو حقیقت کے منافی قرار دیتی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ’ایکس کو فوری طور پر یہ پوسٹ ہٹانے کی ہدایت کی گئی ہے۔‘
ایکس یا بی جے پی کی طرف سے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

بی جے پی کے کچھ رہنماؤں کے خلاف الیکشن کی ضوابط کی خلاف ورزی کے الزام میں مقدمہ بھی درج ہوا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

نریندر مودی کے ناقدین ان پر اور ان کی پارٹی پر انتخابات میں فائدہ اٹھانے کے لیے مسلمانوں کو نشانہ بنانے کا الزام لگاتے ہیں جس کی انہوں نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت امتیازی سلوک نہیں کرتی اور یہ بھی کہ وہ مسلم کمیونیٹی یا اسلام کی مخالفت نہیں کرتے۔
انڈیا کی ایک ارب 40 کروڑ کی آبادی میں سے تقریباً 80 فیصد ہندو ہیں لیکن اسی ملک میں دنیا کی تیسری سب سے بڑی مسلم آبادی بھی ہے جو تقریباً 20 کروڑ ہیں۔
ایکس پر پوسٹ کی گئی مذکورہ ویڈیو میں کانگریس کے رہنما راہل گاندھی کا ایک کارٹون دکھایا گیا ہے جس میں ’مسلمان‘ کے ٹیگ والا ایک بڑا انڈا رکھا گیا ہے اور وہ اس میں سے نکلنے والے ایک بچے کو ’فنڈز‘ کھلا رہے ہیں۔ پھر وہ پسماندہ گروہوں کی نمائندگی کرنے والے تین دیگر بچوں کو گھونسلے سے باہر نکال دیتے ہیں۔
کانگریس نے الیکشن کمیشن کو اپنی شکایت میں کہا کہ اس پوسٹ میں تین کمزور گروپوں کے اراکین کو ’دھمکانے‘ کی کوشش کی گئی ہے کہ وہ کانگریس پارٹی کو ووٹ نہ دیں۔‘

شیئر: