Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں پاکستانی عازمین حج کےلیے کیا انتظامات ہیں؟

حج پروازوں کے استقبال اور رہنمائی کےلیے عملہ تعینات ہے (فائل فوٹو: عرب نیوز)
پاکستان سے حج آپریشن کا آغاز جمعرات 9 مئی سے ہورہا ہے۔ پہلی حج فلائٹ مدینہ منورہ پہنچے گی۔
وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ذوالفقار حیدر کی زیر صدارت حج آپریشن کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
وزارت سے جاری بیان میں کہا گیا کہ’ زوم میٹنگ میں ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطا الرحمن، جوائنٹ سیکرٹری حج سجاد حیدر یلدرم اور دیگر افسران نے شرکت کی‘۔ 
سعودی عرب سے ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو، ڈائریکٹر حج مکہ فہیم آفریدی، مدینہ منورہ سے ڈائریکٹر سہولت و تعاون احمد ندیم خان، ڈائریکٹر حج میڈیکل مشن بریگیڈیئر جمیل لاکھی، ڈائریکٹر معاونین اصغر اور ڈائریکٹر حج مدینہ منورہ ضیا الرحمن نے حج آپریشن پر بریفنگ دی۔
سیکرٹری مذہبی امور ذوالفقار حیدر نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ ’عازمین حج کو ہر ممکن سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ حج آپریشن کے دوران عازمین کے فیڈ بیک اور آرا کو خصوصی اہمیت دی جائے‘۔
انہوں نے حج آپریشن سے متعلق عازمین کے سروے کے بعد ڈیٹا مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے واضح کیا ’حج آپریشن کے دوران کسی اہلکار کی غفلت و سستی برداشت نہیں کی جائے گی‘۔
ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو نے بتایا کہ’ تین طوافہ کمپنیوں کو ایام حج میں منی عرفات میں سہولتوں کی فراہمی کےلیے ہائر کیا ہے۔ مدینہ منورہ میں تمام پاکستانی عازمین حج کو مرکزیہ میں رہائش دی جائے گی‘۔

مدینہ منورہ میں تمام پاکستانی عازمین حج کو مرکزیہ میں رہائش دی جائے گی۔

انہوں نے کہا’ سرکاری عازمین کو مکہ میں عزیزیہ، بطحا قریش اور حئی نسیم کے علاقوں میں رہائش دی جائے گی‘۔
 ڈائریکٹر سہولت و تعاون احمد ندیم نے بتایا کہ ’مدینہ منورہ، مکہ مکرمہ اور دونوں سعودی ایئرپورٹس پر عازمین کی سہولت و رہنمائی کے تمام شعبہ جات قائم کیے جا چکے ہیں‘۔
مدینہ منورہ پہنچنے والی پہلی حج پروازوں کے استقبال اور رہنمائی کےلیے عملہ تعینات ہے۔
ڈائریکٹر حج میڈیکل مشن نے بتایا’ پاکستانی عازمین کو مکہ اور مدینہ میں دو ہسپتالوں اور ایک درجن ڈسپنسریوں کے ذریعے طبی سہولتیں مہیا کی جائیں گی‘۔
ڈائریکٹر معاونین کے مطابق’ مکہ اور مدینہ میں عازمین حج کی رہائش، خوراک اور سفری سہولتوں کی فراہمی کےلیے معاونین اپنی ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں اور 9 مئی کو پہلی حج پرواز کے مملکت  پہنچتے ہی حج آپریشن کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا‘۔

شیئر: