Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان نے پاکستان آنے والے ٹرکوں پر ٹیکس کی شرح دگنی کردی

    پشاور ...... افغانستان کی جانب سے پاکستان سے آنے والے ٹرکوں پر ٹیکس کی شرح کو دگنا کر دیا جس پر ٹرک مالکان نے ہڑتال کر دی ۔ رپورٹ کے مطابق افغان حکومت نے پاکستان سے داخل ہونے والی گاڑیوں پراضافی ٹیکس عائد کیا۔ افغان حکومت نے پاکستانی گاڑیوں پر عائد ٹیکس 2ہزار 5سو افغانی سے بڑھا کر 5 ہزار افغانی کردیا ہے۔ پہلے وصول کئے جا رہے ٹیکس 2500 افغانی پاکستانی 4ہزار روپے بنتے تھے، جو اب 8 ہزار پاکستانی روپے ہو گیا ہے۔دوسری جانب افغان گاڑیوں سے ٹیکس 1700 افغانی سے بڑھا کر 2500 افغانی کردیا گیا۔ ٹرانسپورٹرز نے ٹیکس میں اضافے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سرحد کے دونوں جانب گاڑیاں کھڑی کردیں۔ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے باعث بارڈر کے دونوں اطراف خالی اور مال سے لدی سیکڑوں گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ خیبر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر شاکر آفریدی نے بتایا کہ ٹیکس میں حالیہ اضافہ نا قابل برداشت ہے کیونکہ افغانستان میں داخل ہونے کے بعد ویسے ہی ٹیکسوں کے نام پر غیر قانونی طور پر پیسے وصول کئے جاتے ہیں۔ دونوں اطراف کے ٹرانسپورٹرز نے اس معاملے پر ہڑتال کی ہے جبکہ افغان بارڈر سیکیورٹی کے حکام سے بھی اٹھایا ہے۔افغان ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر حاجی قاسم عرب نے بتایا کہ افغان حکومت کے ٹیکسوں میں اضافے کے فیصلے کے خلاف دونوں اطراف کے ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال کی ہے۔ دونوں جانب کے ٹرانسپورٹرز پر مشتمل جرگے نے افغان حکام سے اس معاملے پر ملاقات کی ہے۔

شیئر: