لندن ..... لندن کے چڑیا گھر میں ایک موٹاتازہ گوریلا اس وقت بھڑک گیا جب اسے دیکھنے کیلئے آنے والے لوگوں نے اس پر آوازیں کسنا شروع کردیں اور انڈے اٹھا کر مارنا شروع کردیئے۔ لوگوں کو خبردار کردیا گیا تھا کہ اس کی طرف اشارے کریں اور نہ ہی آوازیں کسیں۔ یہ گوریلا اپنے انکلوژر میں تھا جس کے چاروں طرف شیشے لگے ہوئے تھے۔ غصے میں آنے کے بعداس نے اپنے انکلوژر میں چیزیں اٹھا کر پھینکنا شروع کردیں اور ایک شیشہ توڑ کر وہاں سے نکل بھاگا۔ اسکا وزن 29اسٹون ہے اور قد 7فٹ ہے۔ چڑیا گھر آنے والوں کو فوری طور پر محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا ہے۔ بعد میں چڑیا گھر کے عملے نے بے ہوش کرنے والا انجکشن فائر کرکے اس پر قابو پالیا۔ لندن زو کے حکام نے بتایا ہے کہ چند گھنٹے بعد اسے ہوش آگیا اور اب اسکی حالت بہتر ہے۔ عینی شاہدین کا کہناہے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انہوں نے جیسے ”جراسک پارک“ کی فلم دیکھ لی ہے۔