Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی سی سی پاکستان کو اسپیشل گرانٹ دے گی

کیپ ٹاون ..... انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ کواسپیشل گرانٹ دیئے جانے کی تجویز منظورکرلی۔آئی سی سی کا اجلاس جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاون میں ہوا جس میں تمام کرکٹ بورڈز میں فنڈز کی تقسیم کے طریقہ کار میں تبدیلی پر غور کیا گیا۔ انتظامی اور مالی ڈھانچے کی تبدیلی بورڈز کی آئندہ میٹنگ میں ہوگی۔ آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر نے بتایا کہ پاکستان کو اسپیشل گرانٹ دیئے جانے کی تجویز منظور کر لی گئی ۔ پی سی بی نے پاکستان میں عالمی کرکٹ نہ ہونے پر خصوصی فنڈز کی درخواست کی تھی۔ اجلاس میں معطل امریکی ایسوسی ایشن کو 2ماہ میں آئی سی سی آئین پر عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔ آئی سی سی بورڈز اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2020ءکی میزبانی آسٹریلیا کریگا۔ بورڈ کی سالانہ میٹنگ میں کرکٹ کے فروغ کے حوالے سے فیصلے کئے گئے۔ آئی سی سی بورڈ نے آئرلینڈ اور افغانستان کو 5 لاکھ ڈالر کی فوری ادائیگی کی بھی منظوری دے دی جبکہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے تمام ایسوسی ایٹ اراکین کو فی کس ڈھائی لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔ اجلاس میں کرکٹ آئرلینڈ کے ڈومیسٹک سیزن کو فرسٹ کلاس کا درجہ دینے کی منظوری دی گئی۔

شیئر: