Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان مسئلہ کشمیر کا پر امن حل چاہتا ہے،منظور الحق

جاوید اقبال ۔ ریاض

انٹرنیشنل کشمیر پریس کلب نے سفارتخانہ پاکستان میں وطن عزیز سے مامور ہوکر آنے والے افسروں کے اعزاز میں مقامی مطعم میں عشائیہ دیا۔ سفیر پاکستان منظور الحق مہمان خصوصی تھے۔ ڈیفنس اتاشی بریگیڈیئر شاہد منظور اور گروپ کیپٹن ارشد مختار خان اعزازی مہمان تھے۔ یاد رہے کہ ایرو نیول اتاشی گروپ کیپٹن ارشد مختار خان، ویلفیئر اتاشیوں عبدالشکور شیخ اور محمود لطیف کے علاوہ کمرشل اتاشی ڈاکٹر عامر حسین نے حال ہی میں اپنی ذمہ داریاں سنبھا لی ہیں۔ انکے علاوہ ڈپٹی ہیڈ آف مشن محمد حسن وزیر، تھرڈ سیکریٹری پولیٹیکل شاہد اقبال اور پی آئی اے کے منیجر برائے ریاض ریجن وقار نصیر بھی تقریب کے مدعوئین میں شامل تھے۔صدارت کلب کے صدر سردار محمد رزاق خان نے کی جبکہ نظامت کے فرائض طارق ایوب نے ادا کئے۔ فیصل علوی کی تلاوت قرآن پاک کے بعد سردار رزاق خان نے تقریب کی غرض و غایت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سفارتخانے میں نئے آنے والے افسران کیلئے عشائیہ کا انعقاد کیا جارہا تھا۔ انہوں نے کہاکہ مملکت میں مقیم 25لاکھ70ہزار پاکستانی تارکین کے مختلف امور سفارتخانہ انتہائی ذمہ داری اور تندہی سے نمٹا رہا ہے۔ سردار رزاق نے واضح کیا کہ غیر قانونی طور پر مملکت میں مقیم تارکین پر سعودی عرب سے خروج پر جانے والوں پر 10ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاتا تھا لیکن سفیر پاکستان کی ذاتی کوششوں سے سعودی حکومت نے تارکین کو اس ادائیگی سے استثنیٰ دیدیا ۔ انہوں نے ہند کے دھمکی آمیز رویے کا ذکر کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ راحیل شریف کی تعریف کی جنہوں نے ہندوستانی حکومت پر واضح کردیا تھا کہ اسکی فوج سرخ لکیر پار کرنے کا نہ سوچے ورنہ نتیجہ ہند کیلئے انتہائی بھیانک ہوگا ۔ سردار رزاق نے سوال کیا کہ کیا وجہ ہے کہ 40ہزار ہندوستانی فوجیوں نے حالیہ ایام میں استعفے دینے کی کوشش کی تھی؟ ڈیفنس اتاشی بریگیڈیئر شاہد منظور نے پاک، ہند کشیدگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کی سب سے بڑی وجہ جموں و کشمیر میں اٹھنے والی تحریک آزادی ہے۔ نوجوان کشمیری برہان وانی کی شہادت پر سارا کشمیر سڑکو ں پر نکل آیا۔ ہندوستانی غاصب فوج کیخلاف مظاہروں کا آغاز ہوگیا۔ بین الاقوامی برادری کی توجہ اس طرف مبذول ہوئی تو اس کی توجہ ہٹانے کیلئے ہندوستان نے خود ہی اُڑی پر حملہ کرادیا۔ مودی حکومت نے اس واقعہ کا سارا الزام پاکستان پر لگا کر جنگ کی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کی ۔ صورتحال پریشانی کا باعث بن سکتی تھی۔ پاکستانی فوج گزشتہ 7، 8برسوں سے مغربی سرحدوں پر دہشتگردی کیخلاف جنگ میں مصروف ہے تاہم ساری قوم اور فوجی و سیاسی قیادتوں نے متحد ہوکر ایک پیغام دیا جس کا اثر یہ ہوا کہ جو جنگی جنون پیدا ہوچکا تھا 8، 9دنوں میں ہی بیٹھ رہا ہے۔ بریگیڈیئر شاہد منظور نے واضح کیا کہ یہ افسوسناک صورتحال اس لئے پیدا ہوئی کہ گزشتہ 70برس سے ہندوستانی حکومت آزادیٔ کشمیر کیلئے علاقے میں اٹھنے والی ہر تحریک کو کچل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کی اخلاقی اور سیاسی مدد کرتا رہیگا ۔ امید ظاہر کی کہ جلد کشمیریوں کو حق خود ارادیت حاصل ہوجائیگا۔ سفیر پاکستان منظور الحق نے کہا کہ خوبصورت خطہ کشمیر کے باشندوں کے مسائل تشکیل پاکستان سے بھی پہلے ڈوگرہ راج کے دوران ہی شروع ہوگئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مظالم دنیا میں کہیں نہیں دیکھے جن میں مظلوموں سے ان کی بینائی چھین لی جائے۔ یہ ظلم روح کو تڑپا دیتا ہے لیکن کشمیریوں کا آزادی کیلئے جذبہ کم نہیں ہوا۔ انہوںنے کہا کہ اس وقت کشمیر میں کوئی ایسا گھر نہیں جس کا کوئی نہ کوئی فرد شہید نہ ہوا ہویا جہاں صف ماتم نہ بچھی ہو۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو وہ حق ضرور ملنا چاہئے جس کا وعدہ بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ نے ان سے کررکھا ہے۔ کشمیریوں کی تیسری نسل اب ان مظالم کو قبول نہیں کریگی جو ان کے آباؤ اجداد پر ڈھائے جاتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری مسلمانوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی مدد کرتا رہیگا۔ بین الاقوامی برادری کو اب یہ احساس ہوگیا ہے کہ کشمیر میں قابض ہندوستانی فوج بے انتہا مظالم ڈھا رہی ہے۔ کوئی بھی کشمیر میں گزرنے والے لمحات سے بے خبر نہیں رہ سکتا تاہم حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ کشمیریوں نے ہار نہیں مانی اور اپنا حق حاصل کرنے کیلئے ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ یہ مسئلہ پرامن طریقے سے مذاکرات کے ذریعے حل ہو۔ تقریب کے آخر میں انٹرنیشنل کشمیر پریس کلب کی طرف سے ڈپٹی ہیڈ آف مشن محمد حسن وزیر، بریگیڈیئر شاہد منظور، گروپ کیپٹن ارشد مختار، تھرڈ سیکریٹری شاہداقبال، ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ، کمرشل اتاشی ڈاکٹر عامر حسین، ویلفیئر اتاشی محمود عبداللطیف،منیجرپی آئی اے وقارنصیر،پاکستان انویسٹرز فورم کے صدر محمد اصغر قریشی، انجینیئر جلیل حسن، چیئرمین ویلفیئر ونگ کشمیر پریس کلب غلام سجاد، انجینیئر محبوب الرحمن، ڈپٹی سیکریٹری کلب رانا خادم حسین، ڈاکٹر محمد آصف قریشی اور فیصل علوی کو کتابیں تحفے میں دی گئیں جنہیں سفیر پاکستان نے دیا۔

شیئر: