Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان انٹرنیشنل اسکول عزیزیہ میں یوم الوطنی

پاکستان اور سعودی عرب اخوت اور دوستی کے جس رشتے میں منسلک ہیں

 

 

 

رپورٹ : مسز زاہدہ قمر۔جدہ

پاکستان انٹرنیشنل اسکول جدہ عزیزیہ میں یوم الوطنی منایا گیا۔ پاکستان اور سعودی عرب اخوت اور دوستی کے جس رشتے میں منسلک ہیں اس کا بھر پور مظاہرہ تقریب کے جوش و خروش سے ظاہر تھا ۔ سینیئر گرلز سیکشن کے تمام ہائوسز یعنی عائشہ ہائوس، فاطمہ ہائوس، خدیجہ ہائوس اور مریم ہائوس ان تینوں ہائوسز نے الگ الگ پروگرام پیش کیے جس میں طالبات کا جذبہ قابل دید تھا۔ سعودی عرب کی تاریخی ثقافت اسکی اہمیت اورپاکستان سے لازوال دوستی کو تقاریر اور ٹیبلوز کے ذریعے اُجاگر کیا گیا۔ سعوسی عرب اور پاکستان کے قومی ترانے پڑھے گئے۔ بعد ازاں سینیئر گرلز سیکشن کی پرنسپل مسز فرحت نعیم نے کیک کاٹا۔اس موقع پر انہوں نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی صحرائوں جیسی وسعت رکھتی ہے۔ یہ پہاڑوں کی طرح ہر مادی جذبہ سے بلند ہے۔ سعودی عرب ہمارا دوسرا گھر ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب اخوت کے جس اٹوٹ رشتے میں بندھے ہیں، اس نے انھیں ایک جان دو قالب بنایا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستانیوں کی وہ نسل جو اس سر زمین مقدس پر پیدا ہوئی ہے اس کے لئے تو یہ ملک مادرِوطن کا درجہ رکھتا ہے جہاں انہیں ہر قسم کی سہو لتوں اور آگے بڑھنے کے مواقع میسر ہیں۔ہمارے بچے نہ صرف ان مواقعوں سے فائدہ اُٹھار ہے ہیں بلکہ سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں یہاں کے باشندوں کے شانہ بشانہ کام کر رہے ہیں۔ یہ زمین ہمارے لئے پاکستان سے زیادہ عزیز اور محترم ہے کیونکہ یہاں اُمتِ مسلمہ کے انتہائی مقدس مذہبی مقامات خانہ کعبہ ،مسجد نبوی شریف اورروضہ رسول واقع ہیں۔ انھوں نے طالبات کو ہدایت کی کہ وہ سعودی عرب کی تعمیر اور ترقی میں دل و جاں سے کوشاں رہیں۔ یو ں یہ خوبصورت تقریب اختتام پزیر ہوئی۔

شیئر: