Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ ایئر پورٹ کی خستہ حالی

 سروے کے مطابق جدہ کا کنگ عبد العزیز انٹرنیشنل ائیر پورٹ سوڈان کے جوبا ائیر پورٹ سے بھی گیا گزرا ہے
 
حمود ابو طالب
 
کاش محکمہ شہری ہوابازی جدہ ایئر پورٹ کے متعلق کوئی وضاحتی بیان نہ دیتی مگر اس نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے جدہ کے کنگ عبد العزیز انٹر نیشنل ائیر پورٹ کو دنیا کے 10خراب ترین ہوائی اڈوں میں سرفہرست قرار دیئے جانے والے سروے کو لایعنی قراردیا۔ محکمہ شہری ہوا بازی کا موقف ہے کہ جس ویب سائٹ نے یہ درجہ بندی کی ہے وہ 2017ءکے حوالے سے کی ہے جبکہ یہ سال شروع ہی نہیں ہوا۔ میرا خیال ہے کہ یہ توجیہ خود لایعنی ہے۔محکمہ شہری ہوا بازی لاکھوں مسافروں کے ذاتی تجربے کو لایعنی قرار نہیں دے سکتی۔ اصولا ہونا یہ چاہئے تھا کہ محکمہ شہری ہوا بازی جدہ ائیر پورٹ کی حالت زار پر لاکھوں مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے واضح کرتی کہ آخر مسافروں کو درپیش مسائل اور مشکلات کا ازالہ کب تک ہوگا۔آخر کب تک نئے ایئر پورٹ کا افتتاح ممکن ہے جس کے متعلق یہ خدشات بڑھتے جارہے ہیں کہ کہیں وہ بھی ان منصوبوں کی فہرست میں شامل نہ ہوجائے جنہیں معطل منصوبے قرار دیا گیا ہے۔
 
حضرات! آپ مانیں یا نہ مانیں سروے کے مطابق جدہ کا کنگ عبد العزیز انٹرنیشنل ائیر پورٹ سوڈان کے جوبا ائیر پورٹ سے بھی گیا گزرا ہے۔جوبا ائیر پورٹ کا پورا بجٹ شاید جدہ ایئرپورٹ کے 3یا 4اعلی افسران کی مجموعی تنخواہ سے بھی زیادہ نہیں ہوگایا پھر سعودی عرب کے کسی لوکل ایئر پورٹ کے بجٹ کے برابرہو۔سروے میں جن باتوں کو بنیاد بنایا گیا ہے وہ چند ہیں: آرام دہ مقام، مسافروں کی ضرورت کی اشیائ، انتظار گاہ، کسٹمر سروس، صفائی اور بکنگ کا معیار۔ چونکہ لوگ اپنی رائے دینے میں بخل سے کام نہیں لیتے اس لئے جدہ ایئر پورٹ آج پورے ملک کی ساکھ اور شبیہ کو دنیا کے سامنے میں مسخ کررہا ہے۔جدہ ایئر پورٹ کو دنیا بھر کے لاکھوں افراد سالانہ استعمال کرتے ہیں۔ رہا معاملہ ہمارا جو مقامی لوگ ہیں تو ہم نے خود کو جدہ ایئر پورٹ کا عادی بنالیا ہے۔
 
جدہ ایئر پورٹ کو چلانے کے لئے جو بجٹ استعمال ہوتا ہے وہ ناقابل یقین ہے۔ علاوہ ازیں نئے ایئر پورٹ کے متعلق جو بجٹ طے کیا گیا ہے وہ آسمان سے باتیں کر رہا ہے مگر ابھی تک مسافروں کو وعدوں پر ٹرخایا جارہا ہے۔جدہ ایئر پورٹ کی خستہ حالی ایک چھوٹا سے نمونہ ہے کہ ہمارے ہاں کس طرح حکومتی منصوبوں پر کام کیا جاتا ہے۔
 
(بشکریہ: عکاظ) 
 

شیئر: