Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گاہکوں کے آرڈرز کی تکمیل کیلئے ڈرونزکا استعمال

لندن ..... برطانیہ اور امریکہ میں کاروبار کے مختلف شعبوں کے حوالے سے مشہور امیزن گروپ نے اب اپنے خریداروں کا دائرہ وسیع کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے اور کمپنی کے ذرائع کے مطابق انٹرنیٹ شاپنگ کی دنیا میں سب سے بڑی کمپنی سمجھا جانے والا گروپ اب اپنے گاہکوں کے آرڈرز کی تکمیل کیلئے ڈرون استعمال کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ اس حوالے سے کئی ڈرونز تیار بھی کئے جارہے ہیں جو جلد ہی بروئے کار لائے جائیں گے اور گاہکوں کو صرف 30منٹ کے اندر ان کے گھر پر ان کا طلب کردہ سامان فراہم کردیا جائیگا۔ اس سلسلے میں امیزن والوں نے اپنا ایک پرائم ایئر سروس نامی شعبہ بھی الگ سے قائم کردیا ہے جہاں ڈرونز میں جی پی ایس لگے ہونگے اور وہ گاہکوں کی متعلقہ جگہ اور مقام پر پہنچ کر انکے آرڈرز فراہم کردیگا۔اس سلسلے میں کیمبرج کے علاقے میں ا یک ورکشاپ بھی کام کررہا ہے جسے بظاہر لیباریٹری کا نام دیا گیا ہے تاہم یہ ورکشاپ برطانیہ میں آوٹ ڈور ٹیسٹنگ سہولت کے اعتبار سے سب سے بڑا ادارہ ہے۔ اسی قسم کے دوسرے ادارے کئی دوسرے ممالک میں بھی ہیں۔کیمبرج شہر کے مرکزی علاقے میں خفیہ مقام پر بنا ہوا یہ ورکشاپ اب لوگوں کی نظروں میں آگیا ہے اور اب لوگ بیحد دلچسپی سے ان ڈرونز کا انتظار کررہے ہیں کہ یہاں تیار ہوکر نکلیں اور حسب وعدہ اپنی خدمات کا مظاہرہ کریں۔ یہ ڈرون چھوٹے چھوٹے پیکٹس لیکر اڑان بھریں گے اور انکی سروس 15میل کے فاصلے تک محدود ہوگی۔ واضح ہو کہ امیزن جو چیزیں فروخت کرتی ہے ان کے 87فیصد پیکٹس اتنے ہی وزن کے ہوتے ہیں۔سروس میں آنے کے بعد یہ ڈرونز400 فٹ کی بلندی تک پرواز کرسکیں گے یہ ڈرون خودکار ہونگے تاہم ان پر نظررکھنے کیلئے ایک سیفٹی آپریٹر ہوگا جو زمین سے ان ڈرونز کی کارکردگی اور اڑان پر نظررکھے گا۔ اس سے قبل اسی قسم کے ڈرونز آسٹریا، امریکہ اور دیگر ممالک میں بھی تیار کئے گئے ہیں۔ پرائم ایئر کے اعلیٰ عہدیدار کرسٹن کیش کا کہناہے کہ ان ڈرونز میں ایسے حساس آلات بھی ہونگے کہ اگر اڑان کے دوران انکی راہ میں درخت یا عمارت یا کوئی رکاوٹ آئیگی تو وہ ان سے بچ کر نکل سکیں گے۔ واضح وہ کہ شہری ہوابازی کے ادارے نے جولائی میں کمرشل سروسز کے لئے استعمال ہونے والے ڈرونز کی منظوری دیدی تھی۔
 

شیئر: