Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی باکسرز باصلاحیت ہیں،محمد وسیم

جمیل سراج ۔کراچی
پاکستان کے واحد پروفیشنل باکسر محمد وسیم نے29 اگست 1987 کو بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں آنکھیں کھولیں تو کسی کو معلوم نہیں تھا کہ قوم کا یہ سپوت کم عمری میں بہت سارے عالمی اور ایشیائی اعزازات قوم کے جھولی میں ڈال دے گا، محمد وسیم کو ان کے مداح، کوچز اور دوست ’’ فیلکن ‘‘ کہہ کر پکارتے ہیں،انہوں نے صرف 16سال کی عمر اور بہت کم وقت میں ملک و قوم کیلئے باکسنگ میں نام کمانا شروع کردیا تھا، محمد وسیم کے کارہائے نمایاں کا سفر 2009 کے بینکاک میں کھیلے گئے کنگز کپ سے ہوا جب انہوں نے22 سال کی عمر میںاپنا سب سے پہلا بین الا قوامی تمغہ حاصل کیا،انہوں نے اس ایونٹ میں کانسی کا تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا، پھر اسی سال ترکی میں منعقدہ احمٹ کومٹ مقابلوں میں کانسی کا تمغہ حاصل کیاجس کے بعد 2010 کے چین میں منعقد ہونے والے باکسنگ کے عالمی مقابلوں(world combat games) میں اپنی زندگی کا پہلا سونے کا تمغہ جیتا جس پر ملک بھر میں ان کے مداحوں اور عوام نے بھر پور جشن منایااس لئے کہ ہاکی ،اسنوکر، کرکٹ اور اسکواش میں تو پاکستان کے کھلاڑیوں اور ایتھلیٹس سونے کے تمغو ں کا تحفہ ملک و قوم کو دے چکے تھے ۔ باکسنگ میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی سبز نیکر والے قومی سپوت نے یہ عالمی اعزاز حاصل کیا تھا جو یقینا محمد وسیم کا قابل فخر کارنامہ تھا، پھر 2010 میں ہی قومی ہیرو نے ہند میں کھیلے گئے دولت مشترکہ کھیلو ں میںپاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا، جس کے بعد اسی سال بنگلہ دیش میں منعقد ہونے والے ساف گیمز میں محمد وسیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ملک و قوم کو چاندی کا تمغہ جیت کر دیا، 2011میں انڈونیشیا میں کھیلے گئے پریذیڈنٹ کپ میں محمد وسیم نے ایک بار پھر تیسری پوزیشن حاصل کی اور کانسی کا تمغہ جیتا، 2012 میںاسلام آباد میں منعقد ہ شہید بینظیر بھٹوباکسنگ ٹورنامنٹ جیت کر ملک و قوم کو دوسری مرتبہ سونے کا تمغہ دیا ، محمد وسیم کے اس کارنامے پر ایک بار پھر ملک بھر میں خوب جشن منایا گیا۔کوریا میں منعقدہ ایشیئن گیمز 2014 میں محمد وسیم نے قوم کو ایک اور کانسی کا تمغہ جیت کر دیا اور اسی سال اسکاٹ لینڈ میں کھیلے گئے کامن ویلتھ گیمز میں محمد وسیم نے پاکستان کیلئے چندی کا تمغہ جیتا جس کے بعد گزشتہ ہفتے کوریا کے شہر سیئول میں منعقد ہونے والے ورلڈباکسنگ کانسل ( WBC) میں سلور فلائی ویٹ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا اور پاکستانی قوم کو پھر سونے کے تمغے کا شاندار تحفہ دیا جس پر ملک بھر اور خصوصاً کوئٹہ میں ان کے مداحوں نے بھر پور جشن منایا۔

شیئر: