Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کشیدگی حکومتیں بڑھاتی ہیں،شفقت امانت

اسلام آباد..پاکستانی گلوکار شفقت امانت علی نے کہا ہے کہ پاک وہند کے درمیان جاری کشیدگی کو حکومتیں فروغ دے رہی ہیں۔ عوام اور فن کا ان سب سے کوئی تعلق نہیں۔ہندوستانی اخبار کو کھلے خط میں شفقت امانت علی نے سیدھا سا سوال پوچھا کیا پاکستا نی کبیر، غالب، مومن، داغ، فراق، رابندرناتھ ٹیگور اور بڑے غلام علی خان کو اس لئے چھوڑ سکتے ہیں کہ ان کی سرحد الگ ہیں۔کیا ہند میں کوئی ایسا ہے جو یہ کہے کہ بابا فرید، وارث شاہ، سلطان باہو، فیض احمد فیض، احمد فراز اور انتظار حسین کو بھول جائیں؟انہوں نے مزید لکھا کہ سرحد کی تقسیم کتابوں میں کی جاتی ہے۔میوزک، فن، ثقافت، زبان، لباس، پکوان اور پیار ان دونوں ممالک میں علیحدہ نہیں۔انہوں نے مزید لکھا کہ سوشل میڈیا پر دونوں ممالک کے لئے نفرت آمیز باتیں کی جارہی ہیں جو برصغیر کی روح کے لیے نقصان دہ ہے۔ میرے خیال سے فن اور فنکار لوگوں کے اجتماعی شعور کو بڑھاتے ہیں اور ایسا وہ ہمیشہ سے کرتے آرہے ہیں۔ہم نے کبھی لتا منگیشکر، آشا بھوسلے، کشور کمار، محمد رفیع، آر ڈی برمن کو ہندوستانی گلوکار نہیں سمجھا۔ انہیں فنکار سمجھتے ہیں بالکل اسی طرح پاکستانی فنکاروں فریدہ خانم، عابدہ پروین، نور جہاں اور مہدی حسن کو ہندوستانیوں سے بے حد پیار ملا۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ فن دوریاں کم کرتا ہے۔

شیئر: