Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صدرجمہوریہ مکھرجی اور نائب صدر انصاری کی عیدالاضحی پر مبارکباد

نئی دہلی(اجمل حسین)صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی اور نائب صدر جمہوریہ ہند حامد انصاری نے اہالیان وطن کو عید الاضحی کی مبارکباد دی ہے۔ اس موقع پر اپنی مبارکبادکے پیغام میں مکھرجی نے کہا کہ وہ عیدالاضحی کے موقع پر ملک اور بیرون ملک کے تمام مسلم بھائیو ں اوربہنوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دراصل عید الاضحی اعتماد ،درد مندی ،ایثاروقربانی اور عفو ودرگزر علامت ہے۔آئیے ہم اس موقع پر حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم اورلازوال قربانی کو یاد کرتے ہوئے نوع انسان کی خدمت کریں۔ ضرورت مند لوگوں کے درد اور تکلیفو ں کو کم کرنے کی کوشش کریں۔ خدا کرے کہ یہ مقدس تہوار ہمارے سما ج میں آفاقی بھائی چارے ، امن اور اتحادویگانگت کو فروغ دینے کی ہماری کوششو ں کو استحکام عطا فرمائے ۔نائب صدر انصاری نے کہا کہ عیدالاضحی ہماری زندگیوں میں ایثاروقربانی اور بھائی چارے کو فروغ دینے کا عز م وحوصلہ عطا کرتی ہے۔ حامد انصاری نے اپنی مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ وہ عید الاضحی کے مقدس ومبارک موقع پر اپنے ملک کے عوام کو مبارکباد اورنیک خواہشات پیش کرتے ہیں۔دوسری طرف وزیر اعلیٰ دہلی اروند کیجریوال نے اہل وطن اور خاص طورپرمسلمانوں کو عید قرباں کی مبارکباد پیش کی ہے۔ یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ عید قرباں کا یہ مقدس تہوار ہمیں بتاتا ہے کہ نیک مقصد کیلئے اپنی سب سے عزیز چیز کو بھی اگر قربان کرنا پڑے تو اسے قربان کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر اہل وطن سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ امن وامان اور خوشحالی کی خاطراپنے چھوٹے چھوٹے مفادات کی قربانی دیں۔

شیئر: