Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’’مشکلیں یہ بھی صاف ظاہر ہیں::دلہنیں آئی ٹی کی ماہر ہیں‘‘

 

 

 

ابوغانیہ ۔۔۔۔۔۔۔۔

جس طرح دل چاہ جانے پر کسی خطرناک مجرمہ کو ’’شک کا فائدہ ‘‘دے کر بری کر دیاجاتا ہے ، اسی طرح قابلِ معافی مبالغے کے ساتھ یہ بات صد فیصد درست تسلیم کی جاتی ہے کہ صرف 25برس پہلے کے ماحول اور آج کے ماحول دور میں اتنا ہی فرق ہے جتنا 25برس پہلے کے دور اور پتھر کے زمانے میں فرق تھا۔بہر حال ہمارا بچپن تھا، ہمارے ماموں اپنی بیوی کو دلہن کہا کرتے تھے، وہ 75کی ہوگئیں ، پھر بھی ماموں نے انہیں دلہن کہنا ترک نہیں کیا۔ماموں کی اس ’’ہٹ دھرمی‘‘ کا نتیجہ یہ نکلا کہ وہ مرتے مر گئیں مگر ہم انہیں دلہن ممانی ہی کہتے رہے ، حتیٰ کہ ان کے لئے دعا کرتے وقت بھی زبان سے ’’دلہن ممانی‘‘ ہی ادا ہوتا ہے۔ ایک ہم ہی کیا، ہمارے ’’پڑھے لکھے، خواندہ، تعلیمیافتہ اور ایجوکیٹڈ‘‘خاندان کا بچہ بچہ انہیں دلہن ممانی ہی کہا کرتا تھا۔ہم اپنے ماموں کے بے انتہاء لاڈلے تھے چنانچہ ان کے راز دار بھی تھے ۔ اس لئے صرف ہمیں ہی معلوم تھا کہ ماموں نے 2شادیاں کر رکھی ہیں۔ ان کی ’’اسم بامسمیٰ‘‘ دلہن ’’رنپٹھانی‘‘ میں رہا کرتی تھی۔ ماموں ہر ہفتے باقاعدگی سے 3دن کے لئے دوسری دلہن کے پاس جاتے تو گھر میں کہہ جاتے کہ ہم ذرا زمینوں پر جا رہے ہیں۔ دلہن ممانی اس قدر سیدھی سادھی کہ کبھی شک و شبے کو پاس پھٹکنے نہیں دیا ، نہ کسی بھائی کو کبھی شوہر کے پیچھے دوڑایا، نہ کبھی اراضی کا مقام دریافت کیا، نہ اس کا ’’گزانہ‘‘ معلوم کرنے کی کوشش کی۔ آج ماموں اور دلہن ممانی دونوں دنیا سے جا چکے البتہ دوسری ممانی دلہن بقید حیات ہیں۔ یہاں یہ امر واضح کرنا ضروری ہے کہ مذکورہ واقعات ماضی ’’بعید‘‘ کے غیر ترقی یافتہ دور کا حصہ ہیں، آج کل ایسی ’’حرکت‘‘ کرنے کی کوشش بالکل نہیں کرنا چاہئے کیونکہ دورِ حاضر کی دلہنیں نہایت ہوشیار، ذہین و فطین ہوتی ہیں اگر ان کی ’’اسمارٹ نیس‘‘میں کوئی کمی رہ جائے تو وہ یہ ’’اسمارٹ فون‘‘ کو اپنی ’’غلامی‘‘ میں لے کر پورا کر لیتی ہیں۔ وہ ا نہیں سب بتا دیتا ہے کہ ’’وہاٹس اَپ؟‘‘ آج دوسری شادی کرکے اسے پوشیدہ رکھنا ممکن ہی نہیں رہا ۔آپ پہلی کے پاس آئیں تو وہ سوال کرے گی’’واٹ واٹ اِز اَپ؟‘‘ اس سے بھاگ کر اگر آپ دوسری کے پاس جائیں گے تووہ مسلط ہو جائے گی کہ ’’واٹ از اَپ‘‘۔ آج کی دلہن تو یہ بھی بتا دیتی ہے کہ آپ دوسری کے گھر میں کب داخل ہوئے اور کب باہر نکلے، اس لئے ان سے بہانہ کرنا ممکن ہی نہیں رہا کہ میں میٹنگ میں تھا، باہر تھا یا زمینوں پر گیا تھا۔واقعی بہت ہی مشکل دور ہے کیونکہ: ’’مشکلیں یہ بھی صاف ظاہر ہیں دلہنیں آئی ٹی کی ماہر ہیں‘‘ ہمارا دل چاہتا ہے کہ وہی 25برس قبل والا ماضی لوٹ آئے۔

شیئر: