خواتین مردوں سے بہترحکمران ہوتی ہیں کے موضوع پر موثر دلائل دئیے گئے
جاوید اقبال ۔ ریاض
پاکستان انٹرنیشنل اسکول ناصریہ کے سینیئر بوائز ونگ میں سالانہ انگریزی مباحثے کا انعقاد کیا گیا۔ موضوع تھا ”خواتین مردوں سے بہتر حکمران ہوتی ہیں“۔ صدارت کے فرائض اسکول کے وائس پرنسپل اور مینجمنٹ کمیٹی کے وائس چیئرمین پروفیسر گوہر رفیق نے انجام دیئے ۔ مہمان خصوصی جامعہ الملک سعود کے پروفیسر جاوید اقبال تھے۔ مباحثہ پروفیسر جاوید مرزا کی زیر نگرانی ہوا۔ ناظم طالبعلم تقی حیدر تھے۔
معاذ احمد کی تلاوت قرآن پاک سے کارروائی کا آغاز ہوا ۔ ناظم تقریب نے مقررین کیلئے قواعد و ضوابط کا اعلان کیا۔ مقررین نے اپنے نقطہ ہائے نظرثابت کرنے کیلئے موثر دلائل دیئے۔ موضوع کی دلچسپی نے تقریب کو انتہائی دلچسپ بنادیا۔ مباحثے کے اختتام پر مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں اس حقیقت کی طرف اشارہ کیا کہ قدرت نے ایک بالغ انسان کو 1.2اور 1.4کلو گرام کے درمیان وزن کا دماغ دیا جس میں سے مرد کا دماغ عورت سے 12فیصد بڑا ہے۔ اس حقیقت کی طرف بھی اشارہ کیا گیا کہ مرد کا دماغ 1260مکعب سینٹی میٹر جبکہ عورت کا 1130مکعب سینٹی میٹر حجم کا ہے۔ انہوں نے یہ سوال کیا کہ آخر کیوں مرد کو قدرت نے عورت سے بڑا دماغ دیا ہے؟
پرنسپل پروفیسر طاہر رضا عابد نے اپنے خطاب میںمقرر طلباءکی کارکردگی کی تعریف کی اور ان پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیمی کارکردگی بہتر کرنے کیلئے سخت محنت کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مباحثوں اور ایسی ہی دیگر تقریبات میں شرکت نہ صرف ان کی معلومات میں اضافہ کا باعث بنتی ہے بلکہ حصول تعلیم میں بھی انکے لئے مدد گار ثابت ہوتی ہے۔ نتائج کے مطابق زین عارف اول جبکہ شبیر احمد اور احمد ہر دو ، دوم قرار پائے۔
چونکہ مقررین اپنے ہا وسز کی نمائندگی بھی کررہے تھے اسلئے ہاوسز کی پوزیشن کا اعلان بھی کیا گیا۔عبدالعزیز ہاوس اول، جناح ہاوس دوم جبکہ ٹیپو ہاوس اور اقبال ہاوس دونوں مشترکہ طور پر سوم قرار پائے۔