Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی تاجروں کے وفد کا دورہ مملکت

 
 
بزم اقبال کے صدر عدنان اقبال بٹ نے تقریب کا اہتمام کیا ،پاکستانی تاجروں کو سفارتخانے سے تعاون ملے گا، شاہ فیصل کاکڑ
جاوید اقبال ۔ ریاض
 
پاکستانی کپڑے کے برآمد کنندگان کا وفد سعودی منڈی اور مملکت کو برآمدات میں اضافے کے امکانات کا جائزہ لینے کےلئے ریاض آیا تو بزم اقبال کے صدر عدنان اقبال بٹ نے ان کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ سفارتخانہ پاکستان کے پولیٹیکل قونصلر شاہ فیصل کاکڑ مہمان خصوصی کے طور پر مدعو تھے ۔پاکستانی عمائدینِ شہر کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر وفد کے سربراہ شیخ محمد سعید نے کہا کہ وفد کے دورے کا بنیادی مقصد مملکت میں پاکستانی کپڑے کی برآمدات میں اضافے کے امکانات کا مطالعہ کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود اور وفد کے متعدد ارکان گزشتہ 3دہائیوں سے سعودی عرب اور خصوصاً ریاض کے درآمد کنندگان کو مختلف انواع کے لباس فراہم کررہے ہیں۔ برآمدات میں کھیلوں کے لباس ، بچوں کےلئے مختلف سائز کی پتلونیں اور اسپورٹس کیلئے مخصوص ٹوپیاں خصوصاً قابل ذکر ہیں۔
شیخ محمد سعید نے کہا کہ لباس تیار کرنے والے یہ کارخانے گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں مصروفِ عمل ہیں اور یہ کہ ان اشیاءکی مملکت میں ہی اتنی کھپت ہوجاتی ہے کہ وہ کسی دوسرے ملک کو اپنی برآمدات کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔
وفد کے نائب صدر سیٹھ محمد شہباز نے پاکستانی کپڑے کی برآمدا ت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ریاض میں 3جبکہ جدہ میں ایک جگہ انکے درآمد کنندگان ہیں۔ طلب میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور خصوصاً پنجاب میں برقی توانائی کے بحران نے کپڑے کی پیداوار کو متاثر کیا ہے جس کے نتیجے میں بعض کارخانوں کے مالکان نے اپنے منصوبے دوسرے ممالک میں منتقل کردیئے تھے تاہم اب انکی واپسی بڑی تیزی سے جاری ہے۔ سیٹھ محمد شہباز نے کہا کہ انکے ریاض کے دورے نے واضح کیا ہے کہ مملکت میں کپڑے اور تیار شدہ لباس کی طلب میں لگاتار اضافہ ہوتا رہیگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل کی صنعت یقینا اس حالت میں ہے کہ سعودی عرب میں روز افزوں طلب کو پورا کرسکے۔
میزبان عدنان اقبال بٹ نے مہمان خصوصی ، وفد کے ارکان اور مہمانوں کا عشائیہ میں شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی حکومت کا متعارف کردہ ”ویژن 2030 “پروگرام یقینا سعودی شہریوں کیلئے خوشحال زندگی اور خود انحصاری کے نئے پہلو متعارف کرائیگا جس کا فائدہ دوست ممالک کی اقتصاد کو بھی پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانہ اپنے وطن اور ہموطن تارکین کی خدمت میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کررہا۔ عدنان اقبال بٹ نے کہا کہ پاکستان میں برقی توانائی کے بحران پر بہت جلد قابو پالیا جائیگاجس کے بعد ملکی برآمدات میں قابل قدر اضافہ ہوجائیگا۔
مہمان خصوصی شاہ فیصل کاکڑ نے مختصر کلمات میں اس بات پر اظہار مسرت کیا کہ پاکستانی وفد کا دورہ کامیاب رہا اور یہ کہ اسے نئی منڈیو ںکے بارے میں خاصی معلومات حاصل ہوئیں۔ انہوں نے وفد کے ارکان کو سفارتخانے کے تعاون کا یقین دلایا اور انکی
 کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر محمود احمد باجوہ کی دعا پر تقریب کا اختتام ہوا۔
******

شیئر: