نیرو مودی کی 9لگژری کاریں ضبط ،کروڑوں کے حصص منجمد
جمعرات 22 فروری 2018 3:00
نئی دہلی۔۔۔۔ پی این بی گھپلہ کیس کے ملزم نیرو مودی اور میہل چوکسی پر شکنجہ کسنے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔انفورسمنٹ ڈائریکٹر (ای ڈی) نے نیرو مودی کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے مودی کی 9لگژری گاڑیوں کو ضبط کرلیا جن میں ایک رولزرائس ،2مرسڈیز، ایک پورشے ، 3ہونڈا ،ایک ٹویوٹا فارچونر اور ایک ٹویوٹا انووا شامل ہیں۔ضبط شدہ گاڑیوں کی مالیت کا تخمینہ 10کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ای ڈی نے نیرو مودی کے میچول فنڈز اور شیئرز بھی ضبط کئے ہیں جن کی قیمت7کروڑ80لاکھ روپے کے قریب بتائی گئی ہے۔اسی طرح کی کارروائی اس گھپلے کے دوسرے بڑے ملزم میہل چوکسی پر بھی کی گئی ۔ ای ڈی نے میہل کے 72کروڑ 80لاکھ روپے کے شیئر منجمد کردیئے۔ واضح ہو کہ ماموں بھانجے کی اس جوڑی نے 11400کروڑ روپے کاپی این بی گھپلہ کیا ہے جس کے بعد ایک خط میں نیرو مودی نے واضح کیا کہ پی این بی اس کا ذمہ دار ہے جس نے معاملہ کواجاگر کے رقم کی واپسی کے تمام راستے بند کردیئے ہیں۔