سعودی عرب اور پاکستان یک جان دو قالب ہیں، امام حرم مکی
لاہور - - - -- امام حرم مکی شریف ڈاکٹر صالح بن محمد آل طالب 3روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے۔ وہ مرکزی جمعیت اہلحدیث کانفرنس کی آخری نشست میں شرکت کریں گے خطبہ جمعہ اور نماز بھی پڑھائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق امام حرم شیخ صالح آل طالب مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سالانہ اجتماع میں شرکت کرنے کیلئے لاہور پہنچے ۔ ائیر پور ٹ پر سول ایوی ایشن حکام نے امام حرم ڈاکٹر صالح بن محمد آل طالب کا پْرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں متعین سعودی عرب کے سفیر کے علاوہ مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ پروفیسر ساجد میر، سینیٹر حافظ عبدالکریم، مولانا طاہر محمود اشرفی،علامہ ابتسام الہیٰ ظہیر، بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا خبیر آزاد اور دیگر اکابرین بھی موجود تھے ۔ امام حرم کو ائیر پورٹ سے ہوٹل میں پہنچایا گیا ۔ ہوٹل روانگی سے قبل امام حرم نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سعودی عرب اور پاکستان یک جان دو قالب ہیں۔ پاکستانی عوام کی ارض حرمین سے عقیدت کسی سے پوشیدہ نہیں۔ امامِ حرم کل وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سے ملاقات کریں گے جس کے بعد کل وہ مرکزی جمعیت اہلحدیث کی کانفرنس اور بعد ازاں علماء کونسل کے سربراہ کی جانب سے دئیے گئے عصرانے میں بھی شرکت کریں گے۔9 مارچ کو امام حرم ڈاکٹر صالح بن محمد آل طالب مرکزی جمعیت اہلحدیث کانفرنس میں خطبہ جمعہ دیں گے اور نماز جمعہ کی امامت بھی کرائیں گے۔ جمعہ کے روز امام حرم پاکستان علماء کونسل کے سربراہ علامہ طاہر اشرفی سے ملاقات کریں گے۔ امام حرم کو ا سٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا گیا ہے۔دریں اثناء وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر عبدالکریم بخش نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث کے 24ویں سالانہ اجتماع میں شرکت کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے ۔ عوام کو اجتماع میں لانے اور لے جانے کیلئے 5 ہزار سے زائد بسوں کا انتظام کیا گیا ہے ۔کانفرنس کا عنوان "حرمین شریفین کے دفاع کیلئے علماء کا کردار " رکھا گیا ہے جس میں دنیا بھر سے آنے والے علماء کرام اپنے خیالات کا اظہار کر یں گے ۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے مزید کہا کہ اجتماع میں ٹریفک کی روانی کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کاسامنا نہیں کرنا پڑ ے۔ انہو ں نے توقع ظاہر کی کہ اجتماع میں 10 لاکھ سے زائد علماء اور عوام شرکت کریں گے ۔واضح رہے مملکت سمیت دیگر ممالک سے متعدد علماء کرام اور مرکزی جمعیت اہلحدیث سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں افراد بھی اجتما ع میں شرکت کرنے کیلئے لاہور پہنچ چکے ہیں ۔