Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سفارتخانے کے تحت یوم پاکستان کی تقریب،گورنر ریاض بھی شریک

    ریاض(جاوید اقبال) سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے کہا ہے کہ پاکستان   جمہوریت کے 5 برس مکمل کرنے والا ہے۔ وہاں میڈیا مضبوط ہے اور سول سوسائٹی متحرک ہے۔  یہ سارے عناصر پاکستان  کو سرمایہ کاری کیلئے  مناسب ترین ملک بنا رہے ہیں ۔ وہ  سفارتخانہ پاکستان کے زیر اہتمام قصر الطویق میں  یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ استقبالیہ میں حاضرین کی بڑی تعداد سے خطاب کررہے تھے۔  تقریب کے مہمان خصوصی گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز  تھے۔ پاک سعودی تعلقات کاذکر کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ حصول آزادی کے فوراً بعد پاکستان نے مملکت سے دوستی اور تعاون کے معاہدے پر دستخط کردیئے تھے۔ دونوں ملکوں کے عوام معاشرتی،  ثقافتی، دینی اور تاریخی رشتوں میں منسلک ہیں اور قدرتی  طور پر  ایک دوسرے کے اتحادی ہیں۔ ہم ان تعلقات کو نئی بلندیوں سے آشنا کرنے پر خادم حرمین شریفین  شاہ سلمان  بن عبدالعزیزاور ولیعہد شہزادہ محمد بن  سلمان  کے انتہائی ممنون ہیں۔ خان ہشام بن صدیق نے واضح کیا کہ یہ روابط تجارت اور سرمایہ کاری کے میدانوں میں بھی گہرے ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2017 ء میں پاکستان نے عالم اسلام میں تیز ترین شرح افزائش  6 فیصد کا ہدف حاصل کیا ہے اور یہ کہ پاک چین اقتصادی  راہداری منصوبے  کے تحت توانائی اور تعمیر کے شعبوں میں قابل ذکر سرمایہ کاری ہوگی۔  پاکستانی سفیر نے کہاکہ  سعودی  ویژن 2030  میں بھی پاکستان سعودی باہمی تعاون میں اضافہ ہوگا۔ تقریب کے آغاز میں  پاکستان اور سعودی عرب کے قومی ترانے بجائے گئے۔  بعدازاں شہزادہ فیصل بن بندر اور خان ہشام بن صدیق  نے یوم پاکستان کی مناسبت سے کیک کاٹا۔ تقریب میں  متعدد ممالک کے سفراء ، سفارتکاروں ، ڈیفنس اتاشیوں اور سعودی و  پاکستانی عمائدین  کی  بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں:- - -  --سی پیک اور سعودی وژن 2030 میں تعاون کے وسیع امکانات ہیں، خان ہشام

شیئر: