ہندوکوئی مذہب یا مت نہیں، ہندکی ثقافتی شناخت ہے، یوگی
لکھنؤ۔۔۔۔کانگریس صدر راہول گاندھی کا ہندوؤں کے مذہبی مقامات جانا بی جے پی کو نہیں بھا رہا۔یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ راہول گاندھی کو خود جنیو دھاری ہندو ثابت کرنا پڑا اور یہی ہماری بڑی کامیابی ہے۔ یوگی نے کہا کہ راہول کے پرنانا خود کو ’’ایکسیڈنٹل ہندو‘‘ کہتے تھے۔پنڈت جواہر لال نہرو کی چوتھی نسل کوآج یہ ثابت کرنا پڑا رہا ہے کہ میں جنیو دھاری ہندو ہوں۔ یوگی نے کہا کہ لالو جی کے بیٹے کہتے ہیں کہ ہم رام مندر بنائیں گے تو اکھلیش یادو کہتے ہیں کہ میں بھی ہندو ہوں، اگر میں کہوں تو برا اور اکھلیش یادو کہیں تو صحیح ہے۔اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہندو کوئی مذہب یا مت نہیں بلکہ ہندوستان کی ثقافتی شناخت ہے۔ یہ ہمارے لئے بھی سیاست کا مسئلہ نہیں لیکن ملک کے عقیدے کا احترام ہونا چاہئے۔