Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روشنی کا تازہ شمارہ، کئی اہم مضامین کا حامل

روشنی کے تازہ شمارے میں متعدد اہم مضامین شامل اشاعت ہیں۔

*صفحہ اول پر مولانا جلال الدین عمری نے اپنے مضمون میں مسلمانان ہند کے بنیادی مسئلے پرروشنی ڈالتے ہوئے تعدد ازواج کی حکمت ، اہمیت اور حالات کے تناظر میں جائزہ پیش کیا ہے۔ مسلم پرسنل لا کی روشنی میں تعدد کی وضاحت اور اسلام میں تعدد کی حکمت روشنی کے تازہ شمارےقابل مطالعہ مضمون ہے۔ جدید میڈیا جہاں کئی معاشرتی مسائل کا بنیادی سبب ہے وہاں اس اہم اور تیز ترین ذریعہ کو دین کی تبلیغ اور اشاعت کے لئے استعمال کرنا نہ صرف علمائے امت کی ذمہ داری ہے بلکہ سوشل میڈیا استعمال کرنے والے ہر مسلمان پر ذمہ داری عائد ہے کہ وہ اس کے ذریعہ دین کی اشاعت کرے۔

*تازہ شمارے کے صفحہ اول پر ہی مختصر مگر جامع مضمون شامل اشاعت ہے۔ نئی دہلی سے محب اللہ قاسمی نے اجتماعی نظام زندگی کو موضوع بحث بناتے ہوئے فطرت کے اس اہم تقاضے کی طرف نشاندہی کی ہے ۔ اجتماعی نظام زندگی میں فرد اور جماعت کی کیا ذمہ داریاں ہیں نیز وہ ان ذمہ داریوں کو کس طرح ادا کرے ۔

*روشنی کے صفحہ 2پر ملاحظہ کریں۔ شارجہ سے ڈاکٹر بشری نسیم نے ’’رسول اکرم کا دفاع، حب نبی کا تقاضا‘‘ کے موضوع پر امت کو ایک اہم فرض منصبی کی تذکیر کی ہے کہ تمام مسلمانان عالم رسول اکرم سے محبت کرتے ہیں تو اس محبت کا تقاضا ہے کہ وہ رسول اکرم کا دفاع بھی کریں۔ انتہا پسندی موجودہ دور کی رائج اصطلاح ہے۔ مولانا محمد منیر قمر نے عبادات میں افراط وتفریط کو بھی انتہا پسندی ثابت کیا ہے۔ انہوں نے مدلل مضمون میں ثابت کیا ہے کہ نبی کریم کی سنت کی خلاف ورزی کرنے والے کا عمل نہ صرف یہ کہ نامقبول ہے بلکہ ایسا کرنے والا شخص امت میں سے نہیں۔

* دار السلام کے سربراہ عبدالمالک مجاہد نے اس ہفتہ اپنے مضمون میں ایسی تاریخی حقائق واضح کئے جن کے تعلق بہت سارے لوگ ناآشنا ہیں۔ انہوں نے سلطنت عثمانیہ کے عروج کی وہ تاریخی حقیقتیں واضح کی ہیں جو امت کے نوجوان طبقے سے چھپائی جارہی ہیں۔ مضمون کا مطالعہ کرنے سے معلوم ہوگا کہ وہ وقت بہت زیادہ پرانا نہیں تھا جب امریکہ سمیت یورپ اسلامی سلطنت کو جزیہ دیتا تھا۔

* ڈاکٹر محمد لئیق اللہ خان کی نئی کتاب’’قرآن وسنت کا سائنسی اعجاز‘‘ زیور طبع سے آراستہ ہوچکی ہے۔ کتاب سے ایک مضمون شامل اشاعت ہے جس کے مطالعہ سے معلوم ہوگا کہ تحریف کو پرکھنے کا قرآنی قانون کیا ہے۔ صفحہ آخر میں اسلام آباد سے ڈاکٹر ساجد خاکوانی نے خصوصی افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے معذور افراد کے متعلق مضمون لکھا ہے جس میں قرآن وسنت کی روشنی میں واضح کیا گیا ہے کہ معذور افراد کے ساتھ ہمارا کیا تعلق ہونا چاہئے۔ یہ اور دیگر کئی اہم موضوعات روشنی کے تازہ شمارے میں ملاحظہ کئے جاسکتے ہیں۔

شیئر: