Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویلفیئر قونصل کا دورہ عسیر، مسائل حل کرنیکا عزم

 
 پاکستان ویلفیئر فورم عسیر کے زیر اہتمام استقبالیہ تقریب،پاکستان ڈاکٹرز فورم کے وفد نے بھی ویلفیئر قونصل سے ملاقات کی
 
 جی ایس ایوب ۔ خمیس مشیط
 
قونصلیٹ جدہ کے ویلفیئر قونصل نجیب اللہ خان اپنی تعیناتی کے بعد پہلی مرتبہ عسیر ریجن کے دورے پر خمیس مشیط آئے تو انکے اعزاز میں پاکستان ویلفیئر فورم عسیر نے مقامی ہوٹل میں استقبالیہ کا اہتمام کیا۔ کمیونٹی شخصیات کے علاوہ پاکستان ڈاکٹرز فورم مدینہ ویلفیئر سوسائٹی اور عسیر کرکٹ لیگ کے عہدیداران اور ممبران نے شرکت کی۔ فورم کے صدر ریاض چوہدری نے خیر مقدمی کلمات کہے۔ ملک مظفر اعوان نے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستانی کمیونٹی کی خدمت اور انکے مسائل کے حل کیلئے پاکستان ویلفیئر فورم ، ڈاکٹر فورم، مدینہ ویلفیئر سوسائٹی کام کررہی ہے۔ تفریحی سرگرمیوں کیلئے عسیر کرکٹ ، کمیونٹی کیلئے پیش پیش ہے۔ ہم سب ایک فیملی کی طرح رہ رہے ہیں۔ ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک رہتے ہیں۔ پاکستان ویلفیئر فورم کے نائب صدر فاروق بٹ نے کہا کہ جدہ قونصلیٹ کی خدمات قابل قدر ہیں ۔ ویلفیئر سیکشن احسن طریقے سے خدمات انجام دے رہا ہے۔ سابق کمیونٹی اتاشی چوہدری شوکت علی اور محمد نصر اللہ وٹو کو کمیونٹی آج بھی یاد کرتی ہے۔ انہوں نے کئی سال پرانے کیسز مکمل کئے جس سے کئی گھرانوں کوفائدہ ہوا۔ چوہدری شوکت علی نے جازان کے پہاڑی علاقہ جبل حشر جہاں صرف 11پاکستا نی رہتے ہیں ان سب سے ملاقات کی۔ دشوار گزار راستوں کی پروا کئے بغیر ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا۔ کمیونٹی انکی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
نجیب اللہ خان نے اس موقع پر کہا کہ آپ نے جس محبت اور اپنائیت کا احساس دلایا میں اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔ ہموطنوں کی خدمت کاجذبہ لیکر آیا ہوں آپ کے مسائل حل کرنا میری اولین ترجیح ہوگی۔ جہاںتک میرا دائرہ کار ہے پوری لگن اور ایمانداری سے بلا امتیاز خدمت کا جذبہ رکھتا ہوں۔ ہم سب مل جل کر مسائل کو حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جیل کا دورہ کیا وہاں موجود پاکستانیوں سے بھی ملاقات کی ان کے مسائل بھی غور طلب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پردیس میں آنے کا مقصد اپنے والدین، بیوی بچوں کی کفالت ہے اس لئے منفی سرگرمیوں سے پرہیز کریں۔ سعودی عرب کے قوانین کا احترام ضروری ہے۔ سعودی عرب ہمارا برادر اسلامی ملک ہے۔ ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور دے رہا ہے۔ اپنی رقوم بینکوں کے ذریعے بھیجیں۔ وطن سے محبت ہمارے لئے عبادت کا درجہ رکھتی ہے۔ آپس میں بھائی چارے کی فضا قائم کریں۔ ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک رہا کریں۔ بے روزگار ہم وطنوں کا خاص خیال رکھیں۔ خالی اسامیوں پر انہیں ترجیح دی جائے۔
پاکستان ڈاکٹرز فورم کے چیئرمین ڈاکٹر جمیل مغل نے بھی ویلفیئر قونصلر سے ملاقات کی اور انہیں مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے تجویز دی کہ میڈیکل کیمپ کا قیام عمل میں لایا جائے ۔ ڈاکٹرز فورم اس سلسلے میں قونصلیٹ جدہ سے بھرپور تعاون کریگا۔ ڈاکٹر جمیل مغل نے کہا کہ کمیونٹی کی خدمت کیلئے قونصلیٹ جدہ سے بھرپور تعاون کریں گے۔ مفت مشورے دیں گے۔ جن مریضوں کا علاج یہاں پر ممکن ہوگا انہیں فراہم کریںگے انہیں پاکستان کے اسپتالوں تک رسائی میں مدد دیں گے ۔ نجیب اللہ خان نے جذبہ حب الوطنی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ کے ساتھ رابطے میں رہوں گا۔ ہر ایک کی تجاویز کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ ہم مل کر کمیونٹی کی خدمت کرینگے۔
تقریب میں ڈاکٹر شہاب صدیقی، ڈاکٹر اسلم میمن، ڈاکٹر الطاف بشیر ویلمی، سید عاصم حسین شاہ، غلام فرید چشتی، طارق اعوان، حکیام محمد ارشد، چوہدری محمد اسلم، خالد مہر قصوری، اسحاق چوہدری، خالد چوہدری، شوکت علی شاد، ڈاکٹر تسنیم اور دیگر نے شرکت کی۔
٭٭٭٭٭٭

شیئر: