Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈر 17 ٹورنامنٹ:پاکستان انٹرنیشنل اسکول فائنل میں

 
مقابلہ انٹرنیشنل انڈین اسکول کی ٹیم سے ہو گا، ،خالد یوسف اور عبداللہ کو مین آف دی سیمی فائنلز قرار دیا گیا، خضر ، محمد شہزاد، یاسر، سید سعود اور عبید کی نمایاں کارکردگی
 
 
 
سعودی کرکٹ سینٹر کے یوتھ ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت جدہ میں شروع ہونے والے ایس سی سی ٹی ٹوئنٹی انڈر 17 انٹراسکول ٹورنامنٹ کے تیسرے ہفتے میں2پول اور سیمی فائنل میچزکھیلے گئے ۔ پہلے سیمی فائنل میچ میں پاکستان انٹرنیشنل اسکول العزیزیہ نے پاکستان انٹرنیشنل اسکول انگلش سیکشن کو 24رنز سے جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں انٹرنیشنل انڈین اسکول نے الفلاح انٹرنیشنل اسکول (ڈی پی ایس) کو 101 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دیکر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
پہلے سیمی فائنل میں پاکستان انٹرنیشنل اسکول العزیزیہ نے ٹاس جیت کر پاکستان انٹرنیشنل اسکول انگلش سیکشن کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے جس میں محمد شہزاد نے 4 چوکوں کی مدد سے 54 ، یوسف خالد نے 38 گیندوں پر 41 ، حسنین نے 21 گیندوں پر 40 اور خضر نے 13 رنز بنائے۔ پاکستان انٹرنیشنل اسکول انگلش سیکشن کی جانب سے عبدالطیف، عمر لطیف اور رومان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، جوابی بیٹنگ میں پاکستان انٹرنیشنل اسکول انگلش سیکشن کی ٹیم 149 رنز پر آل آوٹ ہو گئی جس میں حمزہ 27، حسن 12 ، عمر لطیف 33 اور عبدالطیف 18 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پاکستان انٹرنیشنل اسکول العزیزیہ کی طرف سے یوسف خالد نے 13 رنز کے عوض3 وکٹیں جبکہ حسیب، شہزاد ، خضر، ولید اور عبداللہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، پاکستان انٹرنیشنل اسکول العزیزیہ کے یوسف خالد کو آل راونڈ کارکردگی کی بنیاد پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
دوسرے سیمی فائنل میں الفلاح انٹرنیشنل اسکول (ڈی پی ایس) نے ٹاس جیت کر پہلے انٹرنیشنل انڈین اسکول کو بیٹنگ کی دعوت دی جوکہ فائدہ مند ثابت نہ ہوئی اور انٹرنیشنل انڈین اسکول نے پہلے بیٹنگ کا بھرپور فائدہ آٹھاتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز کامشکل ہدف دیدیاجس میں عبداللہ نے 7 چوکوں کی مدد سے 43 گیندوں پر 63، زاہد نے 38 ، سید سعود نے 25 اور فرحان نے 11 رنز بنائے۔ الفلاح انٹرنیشنل اسکول کی طرف سے احمد اور ریان نے 2، 2 کھلاڑیوں کو جبکہ طہ اورفیضان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ، وکٹ کیپر عبید نے وکٹوں کے پچھے 5 بیٹسمینون کا شکار کیا۔جوابی بیٹنگ میں الفلاح انٹرنیشنل اسکول کی پوری ٹیم 84 کے مجموعی اسکور پر آوٹ ہو گئی جس میں عبید 21، احمد 26، عمران 12 رنز بناکر نمایاں رہے۔ انٹرنیشنل انڈین اسکول کی جانب سے سلمان اور سعد نے 3، 3 کھلاڑیوں کو جبکہ سہیل اور ذیشان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ سید سعود نے 4کھلاڑیوں کا وکٹ کے پچھے شکار کیا۔ انٹرنیشنل انڈین اسکول کے عبداللہ کو بہترین بلے بازی کی بدولت میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
سیمی فائنلز سے پہلے آخری لیگ میچز مےں پاکستان انٹرنیشنل اسکول العزیزیہ نے الفلاح انٹرنیشنل اسکول کو 48 رنز کے فرق سے شکست دی۔ الفلاح انٹرنیشنل اسکول نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔اس فیصلے کا پاکستان انٹرنیشنل اسکول العزیزیہ نے خوب فائدہ آٹھایا اور مقررہ اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنا ئے جس میں محمد شہزاد نے 47، سہیل نے 11، یوسف خالد نے 27اور حسنین نے 15 رنز ہیں۔ الفلاح انٹرنیشنل اسکول کی جانب سے ریان نے 26 رنز دیکر4 اور ریتک نے2 وکٹیں حاصل کیں۔ جوابی بیٹنگ میں الفلاح انٹرنیشنل اسکول کی ٹیم 104 رنز پر آل آوٹ ہو گئی جس میں طٰہٰ 37اور ریتک 24رنز بناکر نمایاں رہے۔ اسکے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین دہرے ہندسے میں داخل نہ ہو پایا۔پاکستان انٹرنیشنل اسکول کی جانب سے خضر نے 11 رنز کے عوض4 اور یوسف خالد نے 2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
لیگ کے آخری میچ میں پاکستان انٹرنیشنل اسکول انگلش سیکشن نے الواحہ انٹرنیشنل اسکول کو2 وکٹوں سے شکست دیکر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ الواحہ انٹرنیشنل اسکول نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں4 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنائے جس میں سیحان نے 29، یاسر نے 28، محمد مرزا نے 10 اور سیف نے 15 رنز بنائے۔ پاکستان انٹرنیشنل اسکول انگلش سیکشن کی جانب سے رومان اور عمر نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔پاکستان انٹرنیشنل اسکول انگلش سیکشن نے مطلوبہ ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر 14.5 اوورز میں 107 رنز بناتے ہوئے حاصل کرلیاجس میں فیضان نے 19، عمر نے 10، اسامہ نے 13 اور شہیر نے 10 رنز بنائے،الواحہ کی جانب سے یاسر نے4 اور محمد مرزا نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
******

شیئر: