اپوزیشن مشترکہ صدارتی امیدوار لائے گی؟
لاہور...مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف سے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ اور رضا ربانی نے ملاقات کی ۔مجموعی سیاسی صورتحال اور خصوصاً صدارتی انتخاب کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال، سردار ایاز صادق اور رانا تنویر حسین بھی موجود تھے ۔ پیپلز پارٹی کے وفدنے شہباز شریف کو صدر کے عہدے کےلئے اعتزاز احسن کے نام کے حوالے سے باضابطہ آگاہ کیا ۔ شہباز شریف نے موقف اختیار کیا کہ اپوزیشن کو صدر کے انتخاب میں کامیابی کےلئے مضبوط اتحاد قائم کر کے مشاورت سے آگے بڑھنا ہوگا ۔اسی سے کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں عید الاضحی کے فوری بعد قومی اسمبلی میں موجود اپوزیشن جماعتوں کااجلاس بلانے کے حوالے سے گفتگو اور حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ کوشش ہے کہ تمام جمہوری قوتیں مشترکہ صدارتی امیدوار لے کر آئیں ۔ کسی ایسے امیدوار پر اتفاق رائے ہو جسے سب کی حمایت حاصل ہو ۔ اس مقصد کیلئے پیپلز پارٹی کے وفد نے اپنی تجاویز پیش کیں ۔کسی حتمی امیدوار کا فیصلہ نہیں کیا ۔اپوزیشن جماعتوںکے الائنس کا اجلاس ہو گا اس میں حتمی فیصلہ ہو گا ۔کسی قیاس آرائی یا نام پر میں تبصرہ نہیں کرنا چاہتا۔