Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوم آزادی امارات کپ: فرخ احسان کی دھواں دھار بیٹنگ نے ٹیم کو فائنل میں فتح دلا دی

 
شارجہ میں ہونےو الے میچ میں 31 گیندوں پر 116 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ایس ا یم الیون نے روایتی حریف ٹیم کو 56 رنز سے شکست دی
 
متحدہ عرب امارات کے یوم آزادی کے حوالے سے شارجہ میں ہونے والے امارات آزادی کپ کے فائنل میں فرخ احسان کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت ان کی ٹیم نے ٹرافی اپنے نام کرلی۔ سم الہیٰ منگ الیون اور جانو منڈی کے درمیان ہونےو الے میچ میں فرخ احسان نے 31 گیندوں پر 116 رنز کی شاندار اور سنسنی خیز ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 14 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔ انہیں فائنل کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔ دونوں ٹیمیں روایتی طور پر ایک دوسرے کی حریف ہیں اور ان کا میچ دیکھنے کیلئے پاکستانی اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ شارجہ کے ملیحہ کرکٹ گراونڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں ایس ایم الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 165 رنز بنائے۔ فائنل میچ 8 ، 8 اوورز پر مشتمل تھا۔ ایس ایم الیون کی خاص بات ان کے آل راونڈر فرخ احسان کی طوفانی بیٹنگ تھی۔ انہوں نے حریف ٹیم کے کسی بولر کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے چھکوں کی برسات کردی اور صرف 31 گیندوں پر 116 رنز بناتے ہوئے ٹیم کو 165 رنز کے بڑے مجموعے کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کیا۔ جانو منڈی الیون کا کوئی بولر ان کے رنز کی رفتار کے آگے بند نہ باندھ سکا اور وہ شاندار سنچری کے بعد 116 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر لوٹے۔ ایس ایم الیون کا صرف ایک کھلاڑی آوٹ ہوا۔ ہدف کے تعاقب میں جانو منڈی کے اوپنرز نے بھی جارحانہ انداز میں اننگر کا آغاز کیا۔ ان کے کھلاڑی بابر نے چند شاندار شاٹس کھیلے لیکن فرخ احسان کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ بابر کے آوٹ ہونے کے بعد ٹیم پر دباو بھی بڑھ گیا اور اس کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔ یوں وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا اور پوری ٹیم 109 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ ایس ایم الیون نے فائنل 56 رنز سے جیت لیا۔ فائنل کے بعد تقریب تقسیم انعامات کے دوران راجہ خورشید، اشفاق خان اور مظہر عرفان نے فاتح ٹیم کے کپتان سردار تنویر حسین اور مین آف دی میچ فرخ احسان کو ٹرافی پیش کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے فاتح کپتان سردار تنویر کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی ٹیم کی بھرپور محنت ، جوش و جذبے اور مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مین آف دی میچ فرخ کے کھیل کو خصوصیت سے سراہا او رکہا کہ ہم آئندہ مقابلوں میں بھی اسی جوش و جذبے کے ساتھ کھیلتے ہوئے فتوحات کے تسلسل کو جاری رکھیں گے۔ 
٭٭٭٭٭٭

شیئر: