Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون جام کرنا ممکن

لندن ...... برطانیہ میں گاڑی چلاتے ہوئے موبائل فون کو جام کرنا جلد ہی ممکن ہوجائیگا۔ ہر تیسرے ڈرائیور نے اعتراف کیا کہ انہوں نے گاڑی چلاتے ہوئے موبائل فون استعمال کیا ہے۔ پچھلے سال ایسے 17500افراد کو عدالت میں کھینچا گیا تھا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کا کہناہے کہ وہ موبائل فون کمپنیوں اور نیٹ ورک فراہم کرنے والے اداروں کے حکام سے نئی ٹیکنالوجی کے بار ے میں اگلے سال بات کرینگے۔ ان سے یہ بات بھی کی جائیگی کہ انقلابی سافٹ ویئر کس طرح ڈرائیونگ کے دوران فون کالز جام اورپیغامات اور ای میل مانیٹر کرسکے گا۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ ٹیکنالوجی کسی مسافر کا فون بھی بلاک کردیگی۔ اخبار دی ٹائمز کے مطابق ڈرائیونگ کے دوران موبائل کے استعمال کو سماجی طور پر ناقابل قبول بنانے کی مہم شروع کی جارہی ہے۔ اسمارٹ فون تیار کرنے والوں پر زوردیا جارہا ہے کہ وہ طیاروں کی طرح” فلائٹ موڈ آپشن“ کی طرح ”ڈرائیو سیف موڈ “بھی اپنے موبائل فون میں لگائیں جو گاڑی چلانے کے دوران انکی کال ، میسج اور ای میل کو بلاک کرسکے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے اس سال کے اوائل میں ایسے ڈرائیوروں کے خلاف سخت ترین سزائیں نافذ کی تھیں۔ ان پر 200پونڈ جرمانہ کیا جاتا ہے اور 6پینالٹی پوائنٹس دیئے جاتے تھے جو اب دگنے کردیئے گئے ہیں۔ اسکے علاوہ خطرناک ڈرائیونگ ختم کرنے کیلئے موبائل فون پر باتیں کرنے والے نئے ڈرائیوروں پرگاڑی چلانے پر پابندی عائد کردی جاتی ہے۔ ایسے ڈرائیور جنہوں نے فون کے دوران حادثے میں کسی کو ہلاک کیا ہو انہیں جیل بھیج دیا جاتا ہے۔
 

شیئر: