Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان ڈاکٹرز فورم عسیر کے تحت سندھ کلچرل ڈے

 
 
پاکستانی ثقافتی میلے کا اہتمام بھی کیا جائیگا ، چاروں صوبوں آزاد کشمیر اور قبائلی ثقافتوں پر ٹیبلو ز پیش کئے جائیں گے، ڈاکٹر جمیل مغل
 
جی ایس ایوب ۔ خمیس مشیط
 
پاکستان ڈاکٹرز فورم عسیر کی جانب سے سندھ کلچرل ڈے کی پروقار تقریب کا اہتمام ڈاکٹر اسلم میمن کی رہائش پر کیا گیا۔ ڈاکٹرز فورم کے عہدیداران، ممبران اور مجلس عاملہ کے اراکین کے علاوہ کمیونٹی شخصیات نے شرکت کی۔
فورم کے چیئرمین ڈاکٹر جمیل مغل نے کہا کہ پاکستان کا سندھ امن و سلامتی کا صوبہ ہے ۔ سندھ کا کلچر دنیا کا خوبصورت اور قدیم ترین کلچر ہے۔علم و آگہی کے فروغ کیلئے قدیم علمی درسگاہیں بھی قائم ہیں، اسلئے سندھ کو باب الاسلام بھی کہا جاتا ہے۔ سندھ کی دھرتی پرصوفیا ئے کرام نے ہمیشہ امن ، پیار ومحبت کا پیغام دیا۔ قدرت نے سندھ کے علاوہ پاکستان کے دیگر صوبوں کے لوگ بھی انتہائی پیار و محبت کرنے والے ہیںاسی لئے ملک کے تمام صوبوں میں آپس میں پیار و محبت اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی ثقافتی میلے کاجلدہی اہتمام کیا جائیگا جس میں پاکستان کے چاروں صوبوں ،آزاد کشمیر اور قبائلی ثقافتوں پر ٹیبلو ز پیش کئے جائیں گے۔ 
ڈاکٹر شہاب صدیقی نے سندھ کلچرل ڈے پر مسرت کا اظہار کیا اور ڈاکٹر جمیل مغل کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ اپنے قومی اور صوبائی تہوار بھرپور طریقے سے منائے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز فورم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔ دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو مزید ہمت و استحکام دے کہ اپنے ہموطنوں کی خدمت کرسکیں۔
فورم کی جانب سے ڈاکٹر اسلم میمن، ڈاکٹر شہاب صدیقی، ڈاکٹر اے ڈی میمن، ڈاکٹر محمد تسنیم، ڈاکٹر الطاف بشیر ویلمی، ڈاکٹر محمد نعیم قائم خانی کو سندھی اجرک اور ٹوپی پہنائی گئی۔ ڈاکٹر اسلم میمن نے تقریب کے شرکاءکو پرتکلف عشائیہ دیا۔
******

شیئر: