Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عربی بولنے پر طیارے سے اتارنے کی وڈیو وائرل

 نیو یارک .. یمن نژادامریکن یوٹیو ب اسٹار آدم صالح کو عربی بولنے پر امریکی ایئرلائن کے طیارے سے اتارے جانے کی وڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔ٹوئٹر پر چند گھنٹوں میں2لاکھ سے زائد مرتبہ اسے ری ٹوئٹ کیا جا چکا۔ آدم صالح کے یو ٹیوب پر 2.2 ملین سے زائد فالوورز ہیں۔ ٹو ئٹرپر اپنے پیغام میں آدم صالح نے اس حوالے سے کئی پیغامات اور وڈیوز پوسٹ کی ہیں۔ صالح نے بتایا کہ لندن سے ڈیلٹا ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے نیویارک آنے کے لئے طیارے میں موجود تھا ۔ فون پر اپنی والدہ اور طیارے میں موجود دوست سے عربی زبان میں گفتگو کررہا تھا۔آس پاس بیٹھے مسافروں کو میرے عربی بولنے سے پریشانی ہوئی ۔انہوں نے عملے کو اطلاع کردی ۔ مجھے طیارے سے اتار دیا گیا۔ صالح کے ساتھ ان کے دوست سلیم کو بھی طیارے سے آف لوڈ کیا گیا۔ صالح نے کہا کہ اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آرہا کہ مجھے صرف اس لئے طیارے سے اتارا گیا کہ میں ایک مختلف زبان بولتا ہوں۔وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارے میں موجود دیگر لوگ بھی اس اقدام پر ناراضی کا اظہار کررہے ہیں۔ ایک شخص ایئرہوسٹس سے کہہ رہا ہے ہر انسان کو اپنی مرضی کی زبان بولنے کا حق حاصل ہے۔ طیارے سے اتارنے کے بعد پولیس نے صالح سے پوچھ گچھ بھی کی بعد ازاں دوسری پرواز میں نیویارک کے لئے روانہ کیا گیا۔
 

 

شیئر: