موبائل کے استعمال پر900ریال اور بیلٹ کی خلاف ورزی 500ریال جرمانہ
جمعرات 15 نومبر 2018 3:00
ریاض:سعودی وزارت داخلہ کے ماتحت میڈیا سینٹرکے ڈائریکٹر طلال الشلہوب نے واضح کیا ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل کے استعمال پر جرمانہ 500ریال سے بڑھا کر 900ریال اور حفاظتی بیلٹ نہ باندھنے پر جرمانہ 150ریال سے بڑھا کر 500ریال کر دیا گیا ۔الشلھوب نے ایم بی سی چینل کے معروف پروگرام ”معالی المواطن“(عالی مقام شہری)سے ٹیلیفونک رابطے کے دوران بتایا کہ بیلٹ نہ باندھنے اور ڈرائیونگ کے دوران موبائل کے استعمال پر جرمانے بڑھا دئےے گئے ہیں ۔
ریاض ،مکہ اور مدینہ ریجنوں میں اس کا نفاذ ہو گا۔آئندہ اتوار سے خود کار نظام کے تحت مذکورہ خلاف ورزیاں ریکارڈ کی جائیں گی۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ موبائل کے استعمال اور بیلٹ نہ باندھنے پر جرمانے اندرون شہر بھی ہوں گے اور بیرون شہر شاہراہوں پر بھی لاگو ہوں گے ۔ دونوں میں کوئی فرق نہیں کیا جائےگا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جرمانوں میں اضافے کے بعد سے ٹریفک حادثات میں ایک تہائی حد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ ماضی میں حادثات کا تناسب18فیصد ، زخمی ہونیوالوں کا تناسب 25فیصد اور اموات کا تناسب 26فیصد تھا۔انہوں نے کہا کہ خود کار نظام کے تحت ٹریفک خلاف ورزیوں کا نظام متعارف کرانے کی بنیادی وجہ سلامتی کے عمل کو موثر بنانا ہے ۔ ترقی یافتہ ممالک میں جو معیار ہے وہی مملکت میں بھی نافذ کیا جا رہا ہے ۔
-
شاہد آفریدی کا متنازعہ بیان، تمام تفصیلات ایک جگہ پر