Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایئرپورٹ حکام سے مذاق مہنگا پڑ گیا

بیونس آئرس ........ شمال مغربی ارجنٹائن کے ایئرپورٹ پر صرف مذاق کرنے پر ایک شخص مصیبت میں گھرگیا۔62سالہ شخص ایئرپورٹ پر لاتم ایئرلائنز کے ڈیسک پر گیا اوروہاں عملے سے مذاق میں کہا کہ اس نے اس طیارے میں بم رکھ دیا ہے جس میں اسکی ساس سفر کررہی ہے۔ یہ کہتے ہی پورے ایئرپورٹ پر سیکیورٹی الرٹ کردی گئی۔ طیاروں کی آمد ورفت میں تاخیر کردی گئی اورمسافروں کے سامان کی تلاشی سختی سے شروع کردی گئی۔ اس شخص کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا گیاہے۔ اس نے بتایا کہ میں اپنی ساس کو لینے کیلئے ایئرپورٹ آیا ہوں اگر طیارہ تباہ ہوتا ہے تو سمجھ لو کہ میں نے اس میں بم رکھا ہے۔ بیونس آئرس سے آنے والی پرواز فوری طور پر رن وے پر اترتے ہی روکدی گئی۔ طیارے کو مسافروں سے خالی کرایا گیا اور پھر پولیس نے اسکی تلاشی لی۔ مسافروںکے دستی سامان اور سوٹ کیس کی بھی تلاشی لی گئی۔ جب ایک خاتون مسافر کو وجہ بتائی گئی تو اس پر دورہ پڑگیا۔ اترنے والی پروازوں کیلئے ایئرپورٹ عارضی طور پر بند کردیا گیا جبکہ ایک پروازکا رخ 350میل دور چھوٹے سے ہوائی اڈے پر موڑ دیا گیا۔ مقامی میڈیا نے خبر کیساتھ جو وڈیو دکھائی ہے اس میں یہ شخص پولیس کے گھیرے میں ہے او راسکا سر جھکا ہوا ہے جس پر کپڑا ڈالا ہوا ہے۔ اسکی خاتون وکیل کا کہناہے کہ ملزم کے الفاظ کو غلط سمجھا گیا کیونکہ اس نے تو صرف یہ کہا تھا کہ میری ساس طیارے سے آرہی ہیں اور چاہتا ہوں کہ طیارے کی تلاشی لی جائے کہ کہیں اس میں بم تو نہیں۔ ملزم نے عدالت میں جاتے ہوئے میڈیا سے کہا کہ ”منشیات فروشوں کو جاکر پکڑو میرا کیوں دماغ خراب کرتے ہو“۔ اسکی وکیل کا کہناتھاکہ میرے موکل کو اپنے کہے پر افسوس ہے۔ اگرچہ وہ بالغ ہے لیکن اس نے بچوں جیسا مذاق کیا۔ خود سوچنا چاہئے کہ اگر کسی نے طیارے میں بم رکھا ہوگا تو وہ ایئرپورٹ کے آس پاس کیسے پاس نظر نہیں آئیگا؟

شیئر: