Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرانے نوٹوں پر جیل نہیں جرمانہ ہوگا،جیٹلی

نئی دہلی.. مرکزی وزیرخزانہ ارون جیٹلی نے جمعرات کو اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ منسوخ شدہ پرانے نوٹوں میں سے اگر کسی کے پاس 10سے زیادہ نوٹ پائے گئے تو اسے جیل کی سزا نہیں ہوگی بلکہ اس پر کم سے کم10ہزار روپے جرمانہ کیا جائیگا۔ گزشتہ روز سرکاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ایسے شخص کو جس کے پاس 10سے زیادہ 1000یا 500کے پرانے نوٹ برآمد ہوئے تو اسے 7سال کی سزائے قید بھگتنی پڑے گی ۔ ارون جیٹلی نے اس معاملے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جیل نہیں بلکہ اسے کم سے کم 10ہزار روپے کا جرمانہ بھگتنا ہوگا یا پھر ضلع مجسٹریٹ جو بھی اس پر جرمانہ کرے گا وہ اسے دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ 31مارچ 2017ءکے بعد پرانے نوٹ رکھنے پر یہ سزا قائم کی گئی ہے۔ وزیر خزانہ نے یہ بھی کہا کہ ریزرو بینک کے پاس اب کافی کرنسی نوٹ موجود ہیں اور بڑے پیمانے پر کرنسی تبدیل کی جارہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 500روپے کے نئے نوٹ مزید جاری کئے جارہے ہیں۔ بینکوں کو بھی ان کی ضرورت سے زیادہ نئے کرنسی نوٹ دئیے جارہے ہیں۔ جیٹلی نے کہا کہ بینکوں کی قرض دینے کی حد بڑھادی گئی ہے۔ 

 

شیئر: