Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جے یو آئی طائف کا اجلاس،عہدیداروں کا اعلان

 
پاکستان کے مخصوص معروضی حالات میں جے یو آئی کاکردار،عسکریت پسندی کا خاتمہ ، ملک میں امن و امان کا قیام، اداروں کی مضبوطی، آئین و قانون کی بالادستی ، دین اور دینی اداروں کی حفاظت کیلئے ہے
 
ام علی بڈانی ۔  طائف
 
جمعیت علمائے اسلام طائف کاانتخابی اجلاس مرکزی کنوینیئر مولانا حمد اللہ عثمانی کی زیر ِ صدارات ڈپٹی کنو ینر کی رہائش پر ہوا ۔ اجلاس میں جے یو آئی طائف شوریٰ کے ارکان نے بھرپور شرکت کی۔ نظامت کے فرائض مولانا بدر منیر نے انجام دئیے ۔ تلاوت قرآنِ پاک کی سعادت قاری گل محمد نے حاصل کی۔
مولانا حمداللہ عثمانی نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام نظریاتی سیاسی جماعت ہے جو اسلامی جمہوریہ پاکستان میں غلبہ اسلام ، اسلامی مساوات، آزادی اور جمہوریت کے استحکام کےلئے آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر کام کر رہی ہے ۔پاکستان کے مخصوص معروضی حالات میں جے یو آئی کا سیاسی کردار ، عسکریت پسندی کا خاتمہ ، ملک میں امن و امان کا قیام، اداروں کی مضبوطی ، آئین و قانون کی بالادستی ، دین اور دینی اداروں کی حفاظت کیلئے ہے۔ مولانا حمد اللہ نے کہا کہ پاکستان میں مغربی ایجنڈے کےلئے کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ایجنڈا محض کوئی سیاسی نعرہ نہیں بلکہ پاکستان میں اس کی موجودگی ایک حقیقت ہے ۔سیکڑوں این جی اوز ذرائع ابلاغ خصوصاً الیکٹرانک میڈیا کی شبانہ روز محنت ، نصابِ تعلیم، درسگاہوں کے ماحول میں مغربیت ، فحاشی و عریانی ، خاندانی نظام کی توڑ پھوڑ، فکری و ذہنی آوارگی، مغربی ایجنڈے کے یہی اہداف ہیں۔
بعد ازاںجے یو آئی طائف کے شوریٰ کے ارکان کے اتفاقِ رائے سے جمعیت علمائے اسلام طائف یونٹ کا قیام عمل میں لایا گیا۔ 
سرپرست اعلیٰ مولانا فیاض ، سرپرست علی محمد، امیر مولانا محمد شفیق ، سینیئر نائب امیر مولانا بدر منیر، جنرل سیکریٹری حافظ محمد زبیر ، ڈپٹی جنرل سیکریٹری قاری محمد ادریس، ناظمِ مالیات قاری گل محمد، سیکریٹری اطلاعات حافظ محمد محمود شامل ہیں۔ 
اجلاس کے آخر میں حویلیاں حادثے میں جاں بحق ہونے والے پی آئی اے کے مسافروں کیلئے مغفرت اور پسماندگان
کےلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔
******

شیئر: