Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی:پاکستانی کمیونٹی کے تعاون سے فلاحی طبی مرکز کی تعمیر

دبئی..... کمیونٹی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے فلاحی طبی مرکز کے قیام کی اجازت دے دی گئی ۔ طبی مرکز کا قیام پاکستانی کمیونٹی کے تعاون سے کیا جائے گا ۔ مرکز کی تعمیر پر 12 ملین درھم لاگت آئے گی ۔ اتھارٹی کے آپریشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر عمر المثنی نے الامارات اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طبی فلاحی مرکز کے قیام کی بنیاد پاکستانی کمیونٹی بنی جو کافی عرصہ سے کمیونٹی کی طبی و دیگر ضروریات کی دیکھ بھال کر رہی ہے ۔ کمیونٹی کی جانب سے "محنت کش کی عزت "کے عنوان سے مختلف فلاحی منصوبے کئے جاتے ہیں جن میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد بھی شامل ہے ۔ طبی مرکز کی تعمیر میں سب سے بڑا حصہ پاکستانی کمیونٹی کا ہے جو 5.5 ملین درہم عطیہ بھی دے گی ۔ مرکز 18 ماہ میں مکمل ہو جائے گا ۔فلاحی طبی مرکز "نہ منافع نہ نقصان " کے اصول پر کام کرے گا ۔ مرکز کا قیام انتہائی مثبت اقدام ہے جو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر قائم کیاجارہا ہے ۔اس ضمن میں پاکستانی کمیونٹی کے رکن اور مرکز کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فیصل اکرام نے کہا کہ جی سی سی ممالک کی سطح پر یہ پہلا طبی مرکز ہو گا ۔ ہمارا مقصد فلاح اور خدمت انسانیت ہے ۔ مرکز سے ان افراد کو فائدہ ہو گا جو علاج کی سہولت نہیں رکھتے ۔ 
 

شیئر: