Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پانامہ کیس ،سپریم کورٹ کا نیا بنچ دوبارہ سماعت کریگا

  اسلام آباد ....سپریم کورٹ میں جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں نیا لارجر بنچ بدھ سے پانامہ کیس کی سماعت از سر نو شروع کررہا ہے ۔ وزیراعظم نواز شریف اور ان کی فیملی نے پانامہ لیکس کیس میں پھر قانونی ٹیم تبدیل کر لی۔ سلمان اکرم راجہ، مخدوم علی خان اور شاہد حامد قانونی ٹیم میں شامل ہونگے۔ وزیراعظم کے وکیل سلمان اسلم بٹ کی جگہ وکیل مخدوم علی خان سپریم کورٹ میں پیش ہوں گے۔ مریم صفدر ،حسن نواز کی جانب سے وکیل شاہد حامد جبکہ حسین نواز کی طرف سے اکرم شیخ کی جگہ سلمان اکرام راجہ عدالت پیش ہوں گے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے وکیل سلمان بٹ ہونگے۔بعدازاں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ماہر قانون دان سلمان اکرم راجہ ، سلمان اسلم بٹ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پانامہ لیکس قانونی ٹیم میں تبدیلی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ دریں اثناءتحریک انصاف نے شریف برادران کی لندن میں جائدادوں سے متعلق مصدقہ دستاویزات حاصل کرلیں جنہیں سپریم کورٹ میں بھی شواہد کے طور پر جمع کرادیا گیا ۔ تحریک انصاف کے ذرائع نے دعویٰ کیا کہ دستاویز سے ثابت ہوتا ہے کہ شریف برادران 2006 ءسے پہلے بھی لندن میں ان جائدادوں کے مالک تھے۔ تحریک انصاف نے 40 صفحات پر مشتمل یہ اضافی دستاویزات سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس میں جمع کرائی ہیں۔ان دستاویزات میں وزیر اعظم نواز شریف کے 2012 کے انٹرویو کا متن شامل ہے۔واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے سپریم کورٹ میں قطر کے سابق وزیر خارجہ کا خط پیش کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ لندن کے فلیٹس 2006 میں میاں شریف کی جانب سے کی گئی سرمایہ کاری کے بدلے حسین نواز کے نام کئے گئے تھے۔

شیئر: