Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاستی انتخابات ،سیاسی سرگرمیاں زور پکڑ گئیں

نئی دہلی... ہند کی 5ریاستوں میں انتخابی شیڈول کے اعلان کے ساتھ سیاسی سرگرمیاں زور پکڑ گئیں۔بی جے پی نے اسمبلی انتخابات کے شیڈول اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیاہے کہ وہ تمام ریاستوں میں مکمل اکثریت سے حکومت بنائے گی۔ بی جے پی کے قومی ترجمان شاہنواز حسین نے ٹویٹ کر کے کہاکہ بی جے پی اترپردیش، پنجاب، گوا، منی پور اور اتراکھنڈ میں حکومت بنائے گی۔ بی جے پی کے سب کا ساتھ،سب کا وکاس ایجنڈے کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ اتر پردیش کے عوام کو طویل عرصے سے ترقی اور گڈ گورنینس سے محروم رکھا گیا۔ اب اترپردیش میں سب کا ساتھ سب کا وکاس چاہتے ہیں۔ انتخابات میں امیدواروں کے کالے دھن کے استعمال پر روک لگانے کے کمیشن کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 20 ہزار روپے سے زیادہ چندہ چیک سے لینے سے متعلق کمیشن کے فیصلے سے کالے دھن کے استعمال پر روک لگے گی ۔دہلی کے وزیراعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے بھی انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کے لوگ ہمارے ساتھ ہیں۔ وہ تبدیلی کی حمایت کرینگے۔ پنجاب میں دہلی کی طرح تبدیلی ہوگی۔واضح رہے کہ ہندوستانی چیف الیکشن کمشنر نسیم زیدی نے بدھ کو 5 ریاستوں اتر پردیش، پنجاب، اتراکھنڈ، گوا اور منی پور میں اسمبلی انتخابات کے پروگرام کا اعلان کر دیا۔ ریاست اترپردیش میں پولنگ 7مرحلوں میں ہو گی ۔ شمال مشرقی ریاست منی پور میں انتخابات2مراحل میں ہونگے۔باقی تینوں ریاستوں میں ووٹنگ ایک ایک مرحلے میں ہی ہوگی۔

شیئر: