Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غلام فرید چشتی کے اعزاز میں الوداعی تقریب

 
 کرکٹ کیلئے انکی خدمات کو سنہری حروف میں لکھا جائیگا، کٹھن اور مشکل مراحل میں غلام فرید ہمیشہ ثابت قدم رہے،ریاض چوہدری
 
جی ایس ایوب  ۔۔  خمیس مشیط
 
عسیر کمیونٹی کے غلام فرید چشتی کے اعزاز میں الوداعی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ وہ مستقل طور پر پاکستان جارہے ہیں۔ پاکستان ویلفیئر فورم عسیر نے ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام مقامی ہوٹل میں کیا۔ عسیر کرکٹ لیگ کے عہدیداران، ممبران، مدینہ ویلفیئر سوسائٹی کے ممبران اور عہدیداران نے شرکت کی۔
پاکستان ویلفیئر فورم کے صدر ریاض چوہدری نے اس موقع پر غلام فرید چشتی کی سماجی اور خصوصاً کرکٹ کے حوالے سے انکی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج میرا ایک ساتھی مجھ سے جدا ہورہا ہے جس کے شانہ بشانہ کمیونٹی کی سماجی اور تفریحی خدمات کو بڑے ا حسن طریقے سے انجام دیا ہے۔ غلام فرید چشتی کا نام ایک عرصے تک یاد رہیگا۔ کرکٹ کیلئے انکی خدمات کو سنہری حروف میں لکھا جائیگا۔ بڑے کٹھن اور مشکل مراحل آئے مگر غلام فرید ہمیشہ ثابت قدم رہے۔ پیسوں کی پروا کئے بغیر گراونڈز اور دیگر کرکٹ کے متعلقہ اخراجات برداشت کئے ۔ ہمیشہ مجھے کہتے تھے کہ آپ فکر نہ کریں اللہ ہمارے ساتھ ہے۔ ایک مرحلے پر عسیر ریجن میں تمام گراونڈ ختم ہوگئے مگر انہوں نے صبر آزما جدوجہد کرکے گراونڈز حاصل کئے جو عسیر ریجن ہی نہیں بلکہ سعودی عرب میں ایسے گراونڈز نہیں ہیں۔ کمیونٹی کی خدمت کے حوالے سے ہمیشہ پیش پیش رہے۔ ڈاکٹر حضرات سے ہمیشہ رابطے میں رہتے تھے تاکہ کمیونٹی کو طبی سہولتیں فراہم کرسکیں۔ ہماری دعائیں ان کے ساتھ ہیں جہاں رہیں خوش رہیں انکی کمی کو محسوس کیا جائیگا۔ فورم کے نائب صدر فاروق بٹ نے غلام فرید چشتی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کے لئے آپ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا ۔ عسیر کرکٹ لیگ کے مینجر فنانس شوکت علی شاد نے کہا کہ آپ کے جانے کا غم بھی ہے اور خوشی بھی کہ آپ اپنے وطن جارہے ہیں ۔ آپ نے ہمیشہ بڑے بھائی کا کردارادا کیا ۔ آپ کی کمی کو شدت سے محسوس کرونگا۔ کرکٹ کے حوالے سے آپ کی خدمات قابل قدر ہیں۔ جس کے لئے آپ کا شکر گزار ہوں۔ عسیر لیگ کے صدر صغیر احمد نے کہا کہ آپ جیسے مخلص ساتھی کی جدائی پر دکھ ہے مگر ہم سب نے ایک دن وطن جانا ہے خوشی ہے کہ آپ واپس وطن جارہے ہیں آپ کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔
عسیر لیگ کے وائس چیئرمین عبدالصبور بٹ نے آبدیدہ ہوکر کہا کہ” جا میری دعائیں دیس جانے والے او ساتھی رے تیرا بنا بھی کیا جانا “ گا کر غلام فرید چشتی کو خراج تحسین پیش کیا۔ جاوید ملک ، فراست آفریدی، خالد چوہدری، ملک ریاض، ابرار غوری، محمد افضل، قربان علی بھٹی، عثمان رسول، نیاز خان اور دیگر نے بھی خراج تحسین پیش کیا اور نیک تمناوں کا اظہار کیا۔
غلام فرید چشتی نے کہا کہ آپ سے بچھڑنے کا دکھ بھی ہے آپ جیسے مخلص ساتھیوں کی کمی محسوس ہوتی رہیگی۔ آپ سب کے ساتھ 25سال کا عرصہ گزارا ہے۔ کبھی کسی کی دل آزاری ہوئی ہو تو معافی چاہتاہوں۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔ 
٭٭٭٭٭٭

شیئر: