Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران نے ملکی سیاست کو مذاق بنا دیا،مریم اورنگزیب

 دھرنے کے دوران کچھ نادیدہ عناصر کی ملی بھگت کے ذریعے حکومت گرانے کی کوشش کی،اردونیوز کو انٹرویو 
اسلام آباد(اسلم محمو بٹ) وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان آخری مرتبہ قوم کو پانامہ لیکس کے حوالے سے گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں جب عدالت عظمیٰ ان کے الزامات کو فروعی اور احمقانہ قرار دے گی تو وہ دوبارہ ایسے الزامات نہیں لگا سکیں گے۔ اردو نیوز کو انٹرویو میں انہو ں نے کہا کہ عمران خان متعدد مرتبہ یہ دعوے کرچکے ہیںکہ ان کے پاس اس امر کے ثبوت موجود ہیں کہ وزیراعظم نواز شریف پانامہ لیکس میں بیان کئے گئے غیر ملکی اثاثوں کے مالک ہیں ۔اب ان کا کہنا ہے کہ وہ صرف حقائق بیان کرسکتے ہیں اس حوالے سے ثبوت پیش کرنا وزیراعظم کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملکی سیاست کو مذاق بنا رکھا ہے۔ آئے دن نئے شوشے چھوڑدینے کے عادی بن چکے ہیں۔ وہ نہیں جانتے کہ ان کی غلط بیانی سے قوم کس اذیت کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ نادیدہ عناصر کے ساتھ ملی بھگت کے ذریعے انہوں نے 2014 ءمیں ایک پراسرار اور نام نہاد سیاستداں ڈاکٹر علامہ طاہر القادری کے ساتھ مل کر حکومت گرانے کی کوشش کی اور ملکی تاریخ کا سب سے طویل دھرنا دیا۔ شارع دستور پر قابض رہے ۔ جب ان کے مطالبات پر عدالت عظمیٰ نے دھاندلی کے الزامات پر کارروائی کی تو وہ الزامات ثابت کرنے سے قاصر رہے۔ اس اخلاقی شکست کے بعد ان پر لازم تھا کہ وہ وزیراعظم کی حمایت کرتے یا کم از کم خاموش ہوجاتے مگر اس بحران کے بعد انہو ںنے وزیراعظم کیخلاف الزام تراشی کا سلسلہ جاری رکھا۔ اب عمران خان وزیراعظم کیخلاف منی لانڈرنگ کے الزامات عائد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں ضبط و تحمل کاعنصر لازمی ہے مگر عمران خان اس سے بیگانہ جلدبازی میں وزیراعظم بننا چاہتے ہیں ۔ پوری قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ 
 

شیئر: