Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوپی روڈ ویز کی بس اور پرائیویٹ بس میں تصادم، 6افراد ہلاک

لکھنؤ(نمائندہ اردونیوز) اتر پردیش کے بریلی ضلع میں سڑک حادثے میں 6 افراد کی موت ہو گئی جبکہ 3 درجن کے قریب زخمی ہو گئے۔دہلی سے آنے والی روڈ ویز بس نے دھنیٹا کراسنگ پر نجی بس کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں لکھیم پور کے محمدی کے رہنے والے ایک ہی خاندان کے 4 افراد کی موت ہو گئی جبکہ 2 بچوں کی علاج کے دوران موت ہو گئی۔ٹکر اتنی زبردست تھی کہ روڈ ویز بس کے پرخچے اڑ گئے۔ اطلاع پر جائے حادثہ پر پہنچی پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے۔ اس درمیان زخمیوں کے اہل خانہ کو بھی اطلاع دے دی گئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع پر سی اواور ایس ڈی ایم میرگنج کے ساتھ فتح پور کے پولیس انسپکٹر موقع پر پہنچے۔ پولیس نے گاڑیوں کے شیشے توڑکر زخمیوں کو باہر نکالا۔ایمبولنسوں سے انہیں ضلع اسپتال اور سدھی ونائک اسپتال بھیجا گیا ہے۔علاقائی افسرمیرگنج گریش کمار سنگھ کے مطابق، حادثہ صبح 4 بجے ہوا۔ پرائیویٹ بس دہلی سے ہردوئی جا رہی تھی اور وہ دھنیٹا ریلوے کراسنگ پر کھڑی تھی۔ دہلی سے لکھیم پور کھیری جا رہی روڈ ویز بس نے نجی بس کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔

شیئر: