Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز پاکستان کیلئے اہم

برسبین... پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز جمعہ سے شروع ہورہی ہے۔ اس سیریز کے کسی ایک میچ میں فتح پاکستانی ٹیم کو براہ راست ورلڈ کپ میں شرکت کا اہل بنا دے گی بصورت دیگر ٹیم کو کوالیفائنگ راونڈ میں شرکت کرنا ہوگی۔ آئی سی سی کی رینکنگ کے مطابق 30 ستمبر 2017 ءتک میزبان ملک انگلینڈ سمیت ون ڈے رینکنگ کی ابتدائی 8 ٹیمیں 2019 ءمیں ہونے والے ورلڈ کپ میں براہ راست رسائی حاصل کریں گی جبکہ باقی دو ٹیموں کی جگہ پُر کرنے کیلئے کوالیفائنگ راونڈ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کو اپنی کارکردگی کا ثبوت دینا ہوگا۔ پاکستانی ٹیم اس وقت نویں نمبر پر موجود ویسٹ انڈیز سے2 پوائنٹ آگے اور ساتویں نمبر پر موجود بنگلہ دیش سے 2و پوائنٹس پیچھے ہے۔ یوں اس کیلئے آسٹریلیا کیخلاف سیریز نے خصوصی اہمیت حاصل کرلی ۔ پاکستان کو اپنے پوائنٹس کی موجودہ تعداد برقرار رکھنے کیلئے کم ازکم ایک فتح کی ضرورت ہے جبکہ ایک سے زائد کامیابیاں اسے مزید پوائنٹس دلانے کے ساتھ رینکنگ میں بھی بہتری لاسکتی ہیں۔ دوسری جانب سیریز میں ناکامیاں ٹیم کیلئے ایک اور چیلنج کا سبب بنیں گی۔ پاکستانی ٹیم 1992 ءمیں ورلڈ کپ جیت چکی ہے اسے سیریز میں 3-2 سے کامیابی مل گئی تو وہ بنگلہ دیش کو پیچھے چھوڑ دے گی ۔ دوسری جانب آسٹریلیا اگر یہ سیریز 4-1 سے جیتا ہے تو وہ اپنی موجودہ رینکنگ اور پوائنٹس برقرار رکھ سکے گا بصورت دیگر اسے بھی پوائنٹس سے محروم ہونا پڑے گا۔ سیریز میں 4-1 سے شکست آسٹریلوی ٹیم کیلئے نمبر ایک پوزیشن سے محروم ہوجانے کا سبب بنے گی لیکن موجودہ صورتحال میں ایسے کسی خطرے کا امکان نہیں ۔ آسٹریلیا کیخلاف پاکستانی ٹیم کی کارکردگی بہت خراب ہے گزشتہ 19 میں سے 15 میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 
 

 

شیئر: