Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویلنگٹن ٹیسٹ ،بنگلہ دیش کے3 وکٹوں پر 154 رنز

ویلنگٹن... نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیشی بیٹسمینوں نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنا لئے۔ کھیل کا پہلا دن بارش سے بری طرح متاثر ہوا صرف 40.2 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال اور مومن الحق نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ مومن الحق 64 رنز پر کھیل رہے ہیں۔ اوپنر تمیم اقبال 56 رنز بناکر آوٹ ہوئے تھے۔ ان کے ساتھ شکیب الحسن 5 رنز پر بیٹنگ کررہے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بنگلہ دیش کو کھیلنے کی دعوت دی تھی ۔ بارش کی مداخلت سے کھیل کا تسلسل برقرار نہیں رہ سکا۔ کیوی بولرز صرف 40.2 اوورز ہی کرا پائے۔ ٹرینٹ بولٹ کو اپنا 13 واں اوور مکمل کرنے کا موقع بھی نہیں مل سکا تھا۔بارش سے کھیل کو قبل از وقت ختم کرنا پڑا۔ تمیم اقبال اور امرا القیس نے اننگز کا آغاز کیا لیکن پہلی وکٹ صرف 16 کے مجموعی اسکور پر گری جب امراءالقیس کو ٹم ساوتھی نے صرف ایک رن پر آوٹ کردیا۔ بنگلہ دیشی اوپنر نے 7 گیندیں کھیلیں۔ ان کے بعد آنے والے مومن الحق نے اوپنر تمیم اقبال کے ساتھ مل کر محتاط انداز میں اسکور کو آگے بڑھایا ۔ تمیم اقبال نصف سنچری مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے اور 56 رنز پر کھیل رہے تھے کہ ٹرینٹ بولٹ نے انہیں ایل بی ڈبلیو کردیا۔ محمود اللہ اور مومن الحق نے ٹیم کو اس دھچکے سے خوبی کے ساتھ باہر نکالا اور اسکور کو 145 رنز تک پہنچانے میں کامیاب ہوگئے۔ مومن الحق اس دوران نصف سنچری بھی مکمل کرچکے تھے ۔انہو ںنے اپنے 50 رنز 48 گیندوں پر اسکور کئے۔ دوسری جانب محمود اللہ اچھی بیٹنگ کررہے تھے لیکن نیل ویگنر کی ایک گیند کو نہیں سمجھ پائے۔ وکٹ کیپر نے کیچ پکڑ کر ان کی اننگر کا خاتمہ کردیا۔ محمود اللہ نے 64 گیندیں کھیلیں اور ان کے 26 رنز میں 4 چوکے شامل تھے۔ مومن الحق اور شکیب الحسن نے مجموعی اسکور 154 رنز تک پہنچایا تو ایک مرتبہ پھر بارش شروع ہوگئی۔ جس کے نتیجے میں کھیل قبل از وقت ختم کرنا پڑا۔ 

 

شیئر: