Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہند اور افغان ایجنسیوں کے گٹھ جو ڑ پر تحفظات ہیں،دفترخارجہ

 اسلام آباد ...پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا ہے کہ چند بیرونی عناصر افغانستان کی زمین کو پاکستان اور دیگر ممالک کے خلاف استعمال کرکے خطے کی صورتحال کو متاثر کرنا چاہتے ہیں۔ خفیہ ایجنسیوں 'را' اور 'این ڈی ایس' کے گٹھ جوڑ پر شدید تحفظات ہیں۔ پاکستان اپنی سرزمین کسی صورت دوسرے ممالک کے خلاف حملوں کے لئے استعمال نہیں ہونے دے گا۔ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ افغانستان کی غیر مستحکم صورتحال سے کئی دہشت گرد تنظیمیں فعال ہیں۔ اسی باعث حقانی نیٹ ورک، تحریک طالبان پاکستان، افغان طالبان، داعش، القاعدہ اور جماعت الاحرار جیسے عناصر کو جگہ مل گئی ۔ افغانستان میں سیکیورٹی کی بدترین صورتحال کے ہوتے ہوئے مشکلات کا ذمہ دار دوسروں کو ٹھہرانا درست نہیں بالخصوص دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں سے متعلق بار بار دہرائے گئے دعوے صرف بیان بازی ہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں قیامِ امن کے لئے سرگرم ہے۔ افغانستان کا امن نہ صرف خطے بلکہ پاکستان کے مفاد کےلئے بھی بہت اہم ہے۔ بدقسمتی کی بات ہے کہ افغانستان کے استحکام کے لئے ہماری پرخلوص کوششوں کو بدنام کیا جارہا ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی لعنت سے لڑتے ہوئے ہزاروں شہریوں کی جانوں کی قربانی دی۔ 100 ارب امریکی ڈالر کا معاشی نقصان برداشت کرچکا ہے۔ آپریشن ’ضرب عضب‘ کی کامیابیوں نے پاکستان کی سیکیورٹی اور معاشی صورتحال کی بہتری میں اہم کردار ادا کیا۔ امریکی پارلیمانی اراکین اور امریکی کمانڈرز نے بھی فاٹا کا دورہ کیا ۔پاکستان کی انسداد دہشت گردی مہم کا اعتراف کیا۔
 

شیئر: