Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان انٹرنیشنل اسکول ناصریہ میں یوم قائد پر تقریب

 
 
 قائداعظم بے باک لیڈر،عظیم قائد اور رہبر ملک و ملت تھے، مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا،مقررین کا خطاب
 
جاوید اقبال ۔ ریاض
 
پاکستان انٹرنیشنل اسکول سینیئر بوائز ونگ میں یوم قائداعظم کی تقریب ہوئی ۔ نظامت کے فرائض انوار الحق نے انجام دیئے۔ وائس پرنسپل گوہر رفیق نے صدارت کی۔ طالب علم بلال عابد نے اپنی تقریر میں قائداعظم کی تعلیم اور سیاسی زندگی پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قائد جیسے لیڈر صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ قائد نے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا۔ اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے مسلمانوں کو ایک آزاد و خودمختار ملک لے کر دیا۔
احمد باجوہ نے اپنی تقریر میں قائداعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم بے باک لیڈر اورعظیم قائد اور رہبر ملک و ملت تھے۔ آپ کے عزم و ہمت ، ذہانت، فہم و فراست اور مسلسل جدوجہد نے ناممکن کو ممکن بنادیا ۔ مسلمان اپنے لئے آزاد اور خودمختار مملکت خدادا دحاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ 
احمد عباسی نے اپنی خوبصورت آواز میں ملی نغمہ پیش کیا۔ انوار الحق نے طلبہ کو قائداعظم کے پاکستان کیلئے محنت و لگن سے کوشش کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اب ہماری ذمہ داری ہے کہ سب اختلافات کو بھلا کر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے محنت کریں تاکہ پاکستان قائداعظم کی امنگوں کے مطابق ایک عظیم مملکت بن سکے۔ انہوں نے کہاکہ بلاشبہ وہ ترقی نہیں کی جس کی توقع کی جارہی تھی مگر ترقی کی جانب گامزن ہیں۔ دنیا کی اسلامی ایٹمی طاقت ہیں۔ ایشیا کی ابھرتی ہوئی معیشت ہیں۔ دہشتگردی کے جن پر قابو پارہے ہیںاور ایک کامیاب قوم بن کر ابھریں گے۔ اپنی سوچ کو مثبت اور توانا رکھنے کی ضرورت ہے۔
سینیئر گرلز ونگ ون میں کلاس دہم کی طالبہ مریم طیب نے اس موقع پر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا کی۔ منیبہ خان کلاس دہم کی طالبہ نے اپنی تقریر میں بانی پاکستان کی زندگی کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی اور ہر شعبے میں قائداعظم کے افکار ، کردار اور عمل کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ کلاس دہم کی طالبہ مہرین نے کہا کہ ہماری انفرادی اور قومی ترقی قائد کے بتائے ہوئے رہنما اصولوں ایمان، اتحاد اور تنظیم میں پوشیدہ ہے۔ کلاس نہم کی طالبہ عیشا سعید نے وطن کیلئے دعائیہ ملی نغمہ پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر قومی ترانہ پڑھا گیا۔ 
سینیئر گرلز ونگ ٹو میں مہتاب مفتی نے قائداعظم کی زندگی کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی اور انکی تعلیمات کو مشعل راہ بنانے کا پیغام دیا۔ عنود فضل نے ملی نغمہ پیش کرکے بھرپور داد وصول کی۔ ونگ ہیڈ عقیلہ زیب نے بچوں کو قائد کی تعلیمات اتحاد، ایمان اور تنظیم پر عمل کرنے پر زور دیا۔
******

شیئر: