Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلیوں کے ذریعے فتح کا نشان بنانا مسئلہ بن سکتا ہے

  ٹوکیو.... مختلف حوالوں سے انگلیوں کے ذریعے فتح کا نشان بنایا جانا اب ایک روایت بن چکا ہے۔ سیاستدان، کھلاڑی اور یہاں تک کہ مختلف جرائم میں سزا پانے والے بھی عدالت جاتے یا آتے ہوئے ہاتھ اٹھا کر دو انگلیوں سے فتح کا نشان بناتے نظرآتے ہیں جاپانی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس طرح نظر آنے والی انگلیوں کے ذریعے نشانات انگشت چوری کئے جاسکتے ہیں جس سے متعلقہ افراد کو مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔ جاپان کے انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیٹکس نے بتایا ہے کہ اگر اس طرح اپنی فتح کا اعلان کرنے سے گریز کیا جائے تو زیادہ بہتر ہوگا۔ادارے کا کہناہے کہ انگلیوں کے نشانات پہچاننے والی ٹیکنالوجی اب بہت جدت اختیار کرچکی ہے اور دنیا بھر میں باآسانی دستیاب بھی ہے۔ نئے اسمارٹ فونز میں بھی یہ ٹیکنالوجی موجود ہے اسلئے اس کے استعمال سے انگلیوں کے نشانات کے ذریعے غلط فوائد اٹھائے جاسکتے ہیں۔ ہائی کوالٹی کیمروں کی مدد سے ان نشانات کو باآسانی نہ صرف پہچانا بلکہ بوقت ضرورت استعمال بھی کیا جاسکتا ہے۔ انسٹی ٹیوٹ نے ایسی ہی تصاویر کے ذریعے بعض لوگوں کے انگلیوں کے نشانات کے استعمال کا تجربہ بھی کیا ہے۔مشورہ دیا گیا ہے کہ اب انگلیوں کے ذریعے فتح کا نشان بنانے کے بجائے کوئی اور طریقہ اختیار کیا جائے تو بہتر ہوگا۔
 

شیئر: