Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جاپانی کمپنی نے خواب آور پانی تیار کرلیا

  ٹوکیو .... نیند کی کمی کا مسئلہ یا کم خوابی موجودہ دور میں اکثر لوگوں کیلئے بڑی پریشانی کا سبب ہے تاہم اب ایک اچھی خبر یہ ہے کہ جاپانی کمپنی نے ایسا پانی تیار کرلیا جس کے پینے سے آسانی سے نیند آجائیگی یہ پانی لوگوں کو چند گھنٹوں میں 8گھنٹے جتنی نیند پوری کرنے میں بھی مدد گار ہوگا۔ جاپان میں کمپنی نے یہ پانی متعارف کرادیا ۔ اسے زبردست مقبولیت مل رہی ہے۔ جاپان ایسے ممالک میں شامل ہے جہاں ملازمین سخت محنت اور مسلسل کام سے بے آرامی اور تھکاوٹ کا شکار رہتے ہیں۔ انہی لوگوں کے مسائل کو دیکھتے ہوئے مشروب ساز کمپنی نے یہ خواب آور پانی تیار کیا ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس پانی کے پینے سے ہر طرح کے لوگوں کو بہتر اور پرسکون نیند آنے لگتی ہے۔ وہ لوگ جو رات کو نیند کے دوران مسائل سے دوچار رہتے ہیں اور تسلسل سے آنکھ کھلنے اور نیند پوری نہ ہونے سے دن کو تکلیف سے دوچار ہوتے ہیں انکے لئے بھی یہ پانی مفید ثابت ہوگا ۔ اس کے پینے سے چند گھنٹوں کی نیند 8گھنٹے نیند جتنی مفید ثابت ہوگی۔ کمپنی کے مطابق خواب آور پانی میں ایک خاص قسم کا مادہ شامل کیا گیا ہے جو بے چینی اور دباوکو کم کرکے سکون فراہم کرتا ہے۔ ایسے لوگ جنہیں مصروفیات کی وجہ سے 8گھنٹے کی مکمل نیند کا موقع نہیں ملتا وہ اس پانی کے ذریعے چند گھنٹے کی نیند سے 8گھنٹے جتنی نیند جیسا فائدہ حاصل کرسکیں گے۔ کمپنی کا کہناہے کہ اس پانی کے استعمال سے اچھے نتائج حاصل کرنے کیلئے شام کے وقت یا بستر پر جانے سے چند لمحے پہلے پیا جائے تو زیادہ فائدہ ہوگا۔ فی الوقت یہ پانی صرف جاپان میں دستیاب ہے۔ ضرورت پڑنے پر بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی لایا جاسکتا ہے۔
 

شیئر: