Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اے دل ہے مشکل میں فواد، انوشکا کی کہانی کیا ہے

 بالی وڈ میں پاکستانی اداکار فواد خان کی تیسری فلم کا ان کے مداحوں کو بے صبری سے انتظار ہے اور سب کی ایک طویل عرصے سے جاننا چاہتے ہیں کہ فواد خان اس فلم میں آخر کر کیا رہے ہیں۔فواد خان سب سے پہلے اس فلم میں ایک مختصر کردار ادا کرنے جارہے تھے تاہم کرن جوہر سے ان کی بڑھتی دوستی اور بولی وڈ میں اپنی بہترین کارکردگی سے جگہ بنانے کے بعد کرن نے ان کے مختصر کردار کو فلم کا کافی اہم کردار بنادیا۔کرن جوہر کی اس فلم میں فواد خان کے ساتھ انوشکا شرما، رنبیر کپور اور ایشوریا رائے بچن مرکزی کرداروں میں نظر آئینگے۔ ہندوستانی ٹی وی اداکار کوشل کپور جو کہ فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں انوشکا شرما کے والد کا کردار کرتے نظر ا آئینگے، نے انٹرویو میں ان اداکاروں کی کہانی بیان کردی۔کوشل کا کہنا تھا کہ وہ فلم میں ایک سین کے دوران رنبیر کپور کو تھپڑ ماریں گے جس کی وجہ فواد خان اور انوشکا شرما ہیں۔انہوں نے کہا ’میں فلم میں انوشکا کے والد کا کردار ادا کررہا ہوں، ایک سین میں رنبیر، انوشکا اور فواد کی شادی کروانے کی کوشش کرتے ہیں جس پر میں غصہ ہوکر انہیں گھر سے نکال دیتا ہوں، جب رنبیر مجھے ان کی شادی کے لیے رضامند ہونے پر زور دیتے ہیں تو میں انہیں تھپڑ مار دیتا ہوں‘۔کسی بھی ہدایت کار کو فلم کی ریلیز سے قبل اس کی کہانی سامنے آنے کا خوف رہتا ہے اور اب دیکھنا یہ ہے کہ کرن جوہر کا اس پر کیا ردعمل ہوگا۔واضح رہے کہ فواد خان اس سے قبل کرن جوہر کی فلم ’کپور اینڈ سنز‘ میں مرکزی کردار ادا کرچکے ہیں جس میں ان کے کام کو شائقین نے خوب سراہا تھا۔’اے دل ہے مشکل‘ کا حال ہی میں ٹائٹل گانا بھی ریلیز کردیا گیا ہے جسے سوشل میڈیا پر کافی پسند کیا جارہا ہے۔فلم ’اے دل ہے مشکل‘ رواں سال 28 اکتوبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
 

شیئر: