Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عربی سیکھنے کیلئے آسان اسباق پر مشتمل سلسلہ اردوداں طبقے کیلئے معاون ثابت ہوگا

گزشتہ درس میں تمام اسمائے اشارہ مثالوں کے ساتھ بتادئیے تھے، سوائے اسم اشارہ کے جو تثنیہ کیلئے خاص ہے۔ عربی میں تثنیہ کے معنی دو کے ہیں۔

تثنیہ کو مثنی یا اثنان بھی کہتے ہیں لہذا اگر دو مذکر اشخاص یا دو مذکر اشیاء کی طرف اشارہ کرنا ہو تو اس کیلئے ھٰذان کا لفظ ہے جیسے ھٰذانِ رجلانِ یہ دو مرد ہیں۔ ھٰذان سَاحرانِ یہ دو جادو گر ہیں۔ ھٰذانِ خَصْمَانِ یہ دو فریق نزاع وغیرہ۔

اگر دو مؤنث کی طرف اشارہ کرنا مقصود ہو تو ھاتاَنِ بولتے ہیں جیسے ھاتَانِ مُدّرِسَتَانِ یہ دو لیڈی ٹیچر ہیں۔ ھٰاتانِ طَبِیْبَتَانِ یہ دو لیڈی ڈاکٹر ہیں ۔ ھاتَانِ طَالِبَتَانِ یہ دو طالبہ ہیں۔ ھاتَانِ بنتانِ یہ دو لڑکیاں ہیں وغیرہ۔

سارے اسمائے اشارہ کی وضاحت کردینے کے بعد اب ہم آپ سے چھوٹے چھوٹے جملوں کی مشق کرائیں گے۔

سابقہ درسوں میں دوقسم کی ترکیبوں کی آپ سے متعدد مشقیں کرائی تھیں۔ جو انشاء اللہ آپ کو یاد ہوںگی ایک ترکیب توصیفی تھی اور دوسری ترکیب اضافی ہم نے بتایا تھا کہ یہ دونوں ترکیبیں اگرچہ دو اسموں سے مرکب ہیں لیکن وہ اپنے مفہوم میں واحد یعنی ایک ہی درجے میں ہیں۔ اب جبکہ آپ اسمائے اشارہ جان چکے ہیں تو انہی سابقہ ترکیبوں کو اسمائے اشارہ کی مدد سے خوبصورت جملوںمیں ڈھال سکتے ہیں۔

ہٰذا طالبٌ ذکیٌ یہ ایک ذہین طالب علم ہے۔

ہٰذا رجلٌ رشیدٌ یہ راست باز مرد ہے۔

ہٰذا طفلٌ نظیفٌ یہ صاف ستھرا لڑکا ہے، یا یہ صفائی پسند لڑکا ہے۔

ہٰذا طبیبٌ حاذقٌ یہ بڑا ماہر ڈاکٹر ہے ۔

ھٰذا بیتٌ جمیلٌ یہ بڑا خوبصورت گھر ہے۔

ہٰذا خالدٌ یہ خالد ہے،

ہٰذا علیٌیہ علی ہے۔

ہٰذا عاملٌ یہ مزدور ہے۔

ہٰذہ طفلۃٌ نظیفۃٌ یہ صفائی پسند لڑکی ہے یا یہ سلیقہ مند لڑکی ہے۔

ہٰذہ اِمرأۃ تقیۃٌ یہ بڑی خدا ترس خاتون ہے۔

ہٰذہ بنتٌ عفیفۃٌ یہ بڑی پاکباز لڑکی ہے۔

ھٰذہ طبیبۃٌ حاذقۃٌ یہ بڑی ماہر لیڈی ڈاکٹر ہے۔

ھٰذہ طالبۃٌ مجتہدۃٌ یہ بڑی محنتی طالبہ ہے۔

ھذا رجلٌ کریمٌ یہ بڑا بزرگ مرد ہے یا بڑا عالی ظرف مرد ہے۔

ھٰذا کتابُ خالدٍ یہ خالد کی کتاب ہے۔

ہذا بیتُ نبیلٍ یہ نبیل کا گھر ہے۔

ہٰذہ مدرسۃُ علیٍ یہ علی کا اسکول ہے۔

ہٰذہ فرشۃٌ سعادٍ یہ سعاد کا برش ہے۔

ہٰذہ ناقۃُ اللہ ، یہ اللہ کی اونٹنی ہے۔

ہٰذا بیتُ اللہِ ، یہ اللہ کا گھر ہے

ہذا عبداللہِ ، یہ اللہ کا بندہ ہے۔

ہٰذۃ اَمۃ اللہِ ، یہ اللہ کی بندی ہے۔

ہٰذا ارضُ اللہُ ، یہ اللہ کی زمین ہے۔

ہٰذہ حقیبۃُ نبیلٍ ، یہ نبیل کا بیگ ہے۔

ھٰذہ ساعۃٌ محمودٍ ، یہ محمود کی گھڑی ہے۔

ھٰذہ سیارۃُ سعدٍ ، یہ سعد کی کار ہے۔

ہٰذہ مزرعۃُ علیٍ، یہ علی کا فارم ہے۔

ہذا قمیصُ حسینٍ ، یہ حسین کی قمیص ہے۔

ھٰذہ کلیۃُ عابدٍ یہ عابد کا کالج ہے۔

آج کے درس میں ہم نے ھٰذا اور ھٰذہ کی اتنی مشق آپ سے کرادی ہے کہ اگر آپ پوری توجہ اور دھیان سے ان کو یاد کرلیں گے تو انشاء اللہ آپ کے اندر اس کے مزید جملے بنانے کا سلیقہ آجائیگا،

اس کیلئے ضرورت ہے کہ آپ ہذا اورہذہ کے فرق کو مت بھولیں۔

شیئر: